تعلیم یافتہ افراد علم و ہنر دوسروں تک پہنچائیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

قائد تحریک منہاج القرآن کا منہاجینز فورم کی سالانہ تقریب سے خطاب
کالج آف شریعہ کے فارغ التحصیل 40 سکالرز پی ایچ ڈی مکمل کر چکے: ڈاکٹر نعیم انور نعمانی
تقریب سے خرم نواز گنڈاپور، جواد حامد، شہزاد رسول، عابد بشیر قادری کا خطاب

لاہور (19 اپریل 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ افراد اور پروفیشنلز اپنے علم اور ہنر کو دوسروں تک پہنچائیں، علم واحد دولت ہے جو خرچ کرنے سے بڑھتی ہے، تعلیم یافتہ اور ہنر مند نسل پروان چڑھانے کیلئے پڑھے لکھے افراد کو اپنا دینی، و قومی کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کو علم اور ہنر دینا بہترین عمل ہے۔ اس کا اللہ کے ہاں بڑا اجر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کی طرف سے منعقدہ منہاجینز ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب سے آڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ منہاج القرآن کے سکالرز پاکستان کے اندر اور پاکستان کے باہر فروغ علم کے لئے مثالی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ یہ سکالرز منہاج القرآن کا سرمایہ ہیں اور تحریک کے پرامن نظریہ اور فکر کے تسلسل کے امین ہیں۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، صدر منہاجینز فورمز ڈاکٹر نعیم انورنعمانی، شہزاد رسول، جواد حامد، عابد بشیر قادری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، محمد حسین شاہین ایڈووکیٹ، محمد عباس نقشبندی، علامہ رانا محمد ادریس، رفیق نجم، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود نے شرکت کی۔ پاکستان کے 60 سے زائد شہروں سے منہاجینز نے تقریب میں آن لائن شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علم اور تجربے کی روشنی میں دوسروں کو تربیت دیں گے۔ ڈاکٹر نعیم انور نعمانی نے بتایا 17 اپریل 1992ء کو کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز سے فارغ التحصیل طلباء پر مشتمل منہاجینز فورم تشکیل دیا گیا تھا جو باقاعدگی کے ساتھ اپنے اجلاس منعقد کررہا ہے اور اس وقت پاکستان اور پاکستان سے باہر سینکڑوں تعلیم یافتہ سکالرز مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سے فارغ التحصیل 40 سکالرز پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں اور اتنی ہی بڑی تعداد ڈگری حاصل کرنے کے قریب ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top