عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کی کوآرڈینیشن کونسل کا مشترکہ اجلاس

مورخہ: 08 جون 2021ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 7 سال مکمل ہونے پر 17 جون کو لاہور میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی
ریلی ایوان اقبال سے پنجاب اسمبلی تک نکالی جائیگی، اجلاس میں فیصلہ
7 سال گزر گئے ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا: حافظ غلام فرید
عوامی تحریک اپنے شہدا کو بھولی ہے نہ بھولے گی، انصاف لے کر رہیں گے: ڈاکٹرسلطان محمود چودھری
اجلاس میں اشتیاق حنیف مغل، علامہ خلیل احمد حنفی، علی قریشی، نورین علوی، فہنیقہ ندیم کی شرکت

لاہور (8 جون 2021ء) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کی کوآرڈینیشن کونسل کا مشترکہ اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید اور پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چودھری نے کی۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہ ملنے پر اور 17 جون کو ماڈل ٹاؤن سانحہ کے 7 سال مکمل ہونے پر ایوان اقبال تا پنجاب اسمبلی پر امن احتجاجی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے جدوجہد سیاسی نہیں، انسانی اور ایمانی معاملہ ہے۔ حصول انصاف کی جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، صدر منہاج القرآن علما کونسل لاہور علامہ خلیل احمد حنفی، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور علی قریشی، صدر ویمن لیگ لاہور نورین علوی، ناظمہ ویمن لیگ لاہور فہنیقہ ندیم سمیت کوآرڈینیشن کونسل کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ 17 جون کے پر امن احتجاج میں مرد، خواتین، بچے، بوڑھے و اہلیان لاہور شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 7 سال گزر گئے ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا۔ قتل عام میں ملوث ملزموں کو سزاؤں کی بجائے مراعات اور ترقیاں دی گئیں۔ نظام عدل اتنا بےبس اور کمزور ہو گیا ہے کہ مظلوموں کو انصاف دینے سے بھی قاصر دکھائی دیتا ہے۔ موجودہ حکومت کو بھی اقتدار میں آئے تین سال ہو گئے ہیں مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔طاقتور آج بھی طاقتور اور انصاف کمزور ہے۔ موجودہ انتخابی نظام نے کرپشن، مہنگائی،بے روزگاری اور اداروں کو مفلوج کرنے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثا کو 7 سال سے غیرجانبدار تفتیش کا حق بھی نہیں ملا۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر ڈاکٹر سلطان محمود چوہدھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون کے پر امن احتجاج میں چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ایک بار پھر استدعا کریں گے کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے کردار ادا کریں۔ پاکستان عوامی تحریک اپنے شہدا کو بھولی ہے نہ بھولے گی، انصاف لے کر رہیں گے۔ 17 جون کو لاہور کے غیور عوام پر امن احتجاج میں شامل ہو کر یہ پیغام دیں گے کہ وہ اس قتل عام اور ظلم کو نہیں بھولے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اس عوام دشمن فرسودہ نظام کو بدلنا چاہتی جو سیاسی پارٹیوں اور مفاد پرست طبقہ نے اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے قائم کر رکھا ہے۔ اس عوام دشمن نظام کو بدلنے سے ہی ملک مسائل کی دلدل سے نکلے گا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Presentation MQI websites
Advertise Here
Top