دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں: علامہ میر آصف اکبر

مورخہ: 11 جون 2021ء

مدارس دینیہ کو کاروبار اور نمود و نمائش کا ذریعہ بنانے والوں کا کوئی مستقبل نہیں
مدارس دینیہ کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہونا چاہیے: ناظم اعلیٰ نظام المدارس
اسلام امن عالم کا سب سے بڑا داعی ہے: علامہ عین الحق بغدادی

لاہور (11 جون 2021ء) نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ مدارس دینیہ کے ہوتے ہوئے کوئی اسلام کے پرامن تشخص کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ دینی مدارس کا مستقبل روشن ہے البتہ جو لوگ علماء، مشائخ کے روپ میں دینی مدارس کو اپنی ذاتی نمود و نمائش، شہرت اور کمائی کا ذریعہ بنائے ہوئے ہیں اور نوجوانوں کو عصری ضروریات سے الگ تھلگ رکھے ہوئے ہیں ان کا مستقبل تاریک ہے۔ دینی مدارس کو کاروبار اور سیاست چمکانے کا ذریعہ بنانے والے اس دنیا میں بھی رسوا ہوں گے اور آخرت میں بھی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دینی مدارس کے علمی، فکری اور روحانی وقار اور معیار کے احیاء کے لئے نظام المدارس کا چیلنج قبول کیا ہے۔ نظام المدارس پاکستان سے ملحقہ کسی مدرسہ یا انسٹی ٹیوشن کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ بننے کی اجازت نہیں۔ ہم ایک ایسی دین دار اور قابل نسل پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو اسلام کی دنیا بھر میں شناخت اور ترجمان بنے۔

دریں اثناء کنٹرولر امتحانات نظام المدارس علامہ عین الحق بغدادی نے کہا ہے کہ اسلام پرامن مذہب ہے۔ اس وقت دنیا میں اسلام کے پیروکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دنیا کے حکمرانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسلام فوبیا کے تدارک کے لئے اپنا سیاسی کردار ادا کریں اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے بین المذاہب عالمی کانفرنس ہونی چاہیے اور یہ بتایا جانا چاہیے کہ دنیا کا کوئی مذہب انتہا پسندی اور دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا۔ اسلام امن عالم کا سب سے بڑا داعی ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top