ابوالحسن شاذلی لائبریری کے لئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ، اسلام کے لیے شیخ الاسلام کی خدمات قابل تعریف ہیں: ڈی جی سپورٹس بورڈ پنج

مورخہ: 26 جون 2021ء

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرانتظام قائم حضرت ابوالحسن شاذلی لائبریری (قذافی اسٹیڈیم لاہور) کے لئے تحریک منہاج القرآن کی طرف سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ دیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، عبدالحفیظ چودھری پر مشتمل وفد نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کو کتب کا تحفہ پیش کیا۔ وفد نے ڈی جی سپورٹس پنجاب کو منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرزڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ کتب بینی کے کلچر کے احیاء کے لئے لائبریریز ضرور بنانا ہوں گی۔ انہوں نے ڈی جی سپورٹس عدنان ارشد اولکھ کو لائبریری کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کتب خانے معاشرے کی فکر اور علمی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔یہ بات خوش آئند ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ لائبریریاں قائم کر کے فروغ علم کیلئے بھی خدمات انجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہمسلمان جب دنیا کے حاکم تھے تو شہر شہر لائبریریوں کا جال تھا اور مسلمان سکالرز اپنا زیادہ وقت مطالعہ کتب میں صرف کرتے تھے۔ یہی زمانہ ایجادات اور عروج کا ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ فروغ امن اور محبت و اخوت کے پرچار کے لئے صوفیائے کرام کے حالات زندگی اور ان کی تعلیمات کو عام کرنا ہو گا۔ کھیلوں کے فروغ کیلئے پنجاب سپورٹس کی عملی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا تحفہ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج لائبریریوں کے قیام، استحکام پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ تعلیم کو عام کرنے کیلئے جو راستہ تعلیمی اداروں سے نکلتا ہے وہ کتب خانوں میں آ کر مل جاتا ہے۔ لائبریریاں علوم و فنون اور معلومات کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمدطاہر القادری کی اسلام اور فروغ علم کیلئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ منہاج یونیورسٹی سمیت منہاج القرآن کے تمام تعلیمی اداروں میں جدید اور قدیم علوم کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اسلام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے پیش کر رہے ہیں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب ہاکی کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جدوجہد ہاکی، سکواش سمیت تمام کھیلوں میں ایک بار پھر کھویا ہوا عروج حاصل کرنے کے لیے ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top