اللہ کے بندے زندگی کا ہر لمحہ قرآن و سنت کے مطابق بسر کرتے ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

قدوۃ الاولیا سیدنا طاہر علاوالدین القادری الگیلانی البغدادی کے 30 ویں عرس مبارک پر تقریب سے خطاب

لاہور (7 جولائی 2021) مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ اور حضور پیر قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی البغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے 30ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل میں منعقد ہوئی جس سے قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے مقرب بندوں کی زندگی کا ہر لمحہ اتباع قرآن و سنت میں بسر ہوتا ہے۔

حضور پیر سیدنا طاہر علاوالدین القادری الگیلانی البغدادی ایک ایسی ہستی ہیں جن کا ظاہر و باطن سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ، حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت خواجہ جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ کی بیان کردہ تعلیمات تصوف کی تعریفات کے مطابق تھا، حضور قدوۃ الاولیاء تقویٰ و طہارت کا پیکر تھے، ان کا دسترخوان وسیع تھا، خوش اخلاق اور خوش گفتار تھے، عاجز و ملنسار تھے، غیرت دین میں اپنی مثال آپ تھے، آپ سادات تھے، عظیم الشان حسب نسب کا کبھی تذکرہ نہیں کرتے تھے، عاجزی و انکساری ان کی شخصیت کا خاصا تھی۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ میں نے 56 سالہ عملی زندگی کے سفر میں آپ جیسے پاکیزہ اخلاق والی ہستی نہیں دیکھی، آپ دنیا سے بے نیاز تھے آپ شریعت کے انتظام اور اتباع شریعت کا پیکر تھے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ دنیا کی رغبت اور نفسانی خواہشات کی اندھی تقلید انسان کو انسانیت کے منصب سے گرا دیتی ہے، بری عادات کو ترک کر دینا اور دل کا طلبِ حق کیلئے بیدار ہو جانا ارادت یا کسی کا مرید ہونا کہلاتا ہے، سچا مرید شعائر دین اور حقوق و فرائض کی ادائیگی میں کبھی غفلت کا مرتکب نہیں ہوتا اور اللہ والے اللہ کی رضا کے سوا کوئی اور ارادہ نہیں رکھتے ان کے دل کا چہرہ ہر طرف مالک حقیقی کی طرف رہتا ہے، جو برائیوں کو ترک نہیں کرتا وہ مرید تو کیا انسانیت کے منصب پر بھی فائز نہیں ہوسکتا۔

ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عرس مبارک کی تقریب کا آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت قرآن مجید سے ہواجس کی سعادت قاری نور احمد چشتی نے حاصل کی۔ معروف نعت خوان الحاج اختر حسین قریشی، محمد افضل نوشاہی، شہزاد برادران اور ظہیر بلالی برادران نے نعت رسول مقبول پیش کی۔ تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور جواد حامد، طیب شیخ، راجہ زاہد محمود، حاجی منطور حسین، مظہر محمود علوی، لطیف مدنی، حافظ غلام فرید، منہاج الدین قادری، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، رحیم علی، محمد آصف سلہریا، سدرہ کرامت و دیگر قائدین و کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اختتام پر امت مسلمہ اور ملک پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top