دین اسلام نے خدمت انسانیت کو عظیم عبادت قرار دیا ہے: علامہ رانا محمد ادریس

منہاج القرآن نے تعلیم و تربیت اور خدمت خلق کے بےمثال ادارے قائم کئے
زخمی دل پر محبت و شفقت کا مرہم رکھنا اللہ کی خوشنودی کا ذریعہ ہے: نائب ناظم اعلیٰ
مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (12 نومبر 2021ء) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ اسلام انسانیت کی خدمت کا دین ہے۔ دین اسلام نے خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اور عظیم عبادت قرار دیا ہے۔ انسانیت کی خدمت کے بہت سے طریقے ہیں بیواؤں اور یتیموں کی مدد، مسافروں، محتاجوں اور مساکین سے ہمدردی، بیماروں، معذوروں اور مصیبت ذدگان سے تعاون یہ سب خدمت خلق کے کام ہیں۔ منہاج القرآن نے تعلیم و تربیت کے ساتھ خدمت خلق کے بے مثال ادارے بھی قائم کئے ہیں جن میں نظامت دعوت و تربیت اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی و دنیاوی تعلیم کے باوقار انسٹی ٹیوشنز تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز ہیں۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ نے انسانوں کو باہمی ہمدردی اور خدمت گزاری کا درس دیا ہے۔ طاقتوروں کو کمزوروں پر رحم و مہربانی اور امیروں کو غریبوں کی امداد کرنے کی تاکید و تلقین فرمائی ہے۔ حضور اکرم ﷺ نے مظلوموں اور حاجت مندوں کی فریاد رسی کا حکم دیا ہے۔ یتیموں، مسکینوں اور لاورثوں کی کفالت و سرپرستی کا حکم دیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”تم میں بہترین وہ ہے جس سے دوسرے انسان کو فائدہ پہنچے“۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق وقت کی ضرورت بھی ہے اور بہت بڑی عبادت بھی ہے۔ کسی انسان کے دکھ درد کو بانٹنا نیکیاں کمانے کا ذریعہ بھی ہے۔ کسی زخمی دل پر محبت و شفقت کا مرہم رکھنا اللہ کی خوشنودی کا ذریعہ ہے۔ کسی مقروض کے ساتھ تعاون کرنا اللہ کی رحمتوں اور برکتوں کو حاصل کرنے کا ایک بڑا سبب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بیمار کی عیادت کرنا سنت رسول مقبولﷺ ہے۔ کسی بھوکے کو کھانا کھلانا عظیم نیکی اور ایمان کی علامت ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top