منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ کے زیراہتمام دسویں سالانہ شادیوں کی اجتماعی تقریب

انسانیت کی خدمت اور دکھ بانٹنا افضل ترین نیکی اور سوشل سروس ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
کچھ کام کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے مگر اخلاق اور رویے ہم نے خود بدلنے ہیں: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
12 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی تقریب میں پروفیسر وقاص احمد خان، مولانا عبدالمالک مجاہد و دیگر کی شرکت

Minhaj Welfare Foundation

لاہور (21 نومبر 2021) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری واہ کینٹ میں منہاج ویلفیئر کے زیرِاہتمام منعقدہ شادیوں کی اجتماعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور مستحقین کے دکھ بانٹنا اور ان کے ساتھ دامے درمے سخنے کھڑے ہونا فی زمانہ افضل ترین نیکی اور سوشل سروس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات ہیں کہ جن کے پاس ضروریات زندگی کا سامان ضرورت سے زائد ہے وہ ان کو لٹا دیں جو کسی وجہ سے زندگی کی مالی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں، یہی اسلام، انسانیت اور برادرانہ اخوت اور بھائی چارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ کام کرنا اگر ریاست کی ذمہ داری ہے تو کچھ کام بحیثیت قوم ہمارے کرنے کے بھی ہیں ہر وقت گلہ کرتے رہنا بھی مناسب رویہ نہیں ہے، اخلاق اور رویے کسی حکومت نے نہیں ہم نے خود بدلنے ہیں، جو امور آپ کے اور ہم سب کے کنٹرول میں ہیں کم از کم وہاں تو 100 فیصد عدل ہونا چاہئے، وہ ہمارا گھر ہو یا ہمارا کاروبار، ہماری ملازمت ہو یا ہمارا ذاتی لین دین ذمہ داری اور انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں، فرد کی زندگی میں انقلاب ہی قومی سطح کے انقلاب کی نوید بنے گا، حکیم الامت نے ایسے ہی موقع کی مناسبت سے فرمایا تھا کہ ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کی طرف دیکھنا چھوڑیں اپنی ذات سے پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عظیم مشن کا آغاز کریں، اپنے گھر والوں، عزیزواقارب، ہمسایوں، اہل محلہ اور اہل شہر کے دکھ سکھ میں شرکت کریں۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ کے زیر اہتمام دسویں سالانہ 12 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ہر جوڑے کو ضروریات زندگی کا گھریلو سامان دیا گیا۔ تقریب میں پروفیسر وقاص احمد خان (صدر جماعت اسلامی واہ کینٹ)، مرکزی رہنما متحدہ مجلس اہلحدیث مولانا عبدالمالک مجاہد، خواجہ محمد امتیاز اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان، نائب ناظم اعلیٰ کوارڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم، قاضی شفیق الرحمن، حاجی اقبال، انار خان گوندل، سیف الرحمن خان، حاجی لیاقت، صغیر خان، مقصود احمد، خرم شیراز، پیر محمد عبداللہ القادری البغدادی، علامہ محمد ضیاء الرحمن، ملک یاسر ایڈووکیٹ، حاجی محمد سعید و دیگر مذہبی، سیاسی سماجی رہنماؤں اور تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے جوڑوں کو سلامی دی اور ان کی پرسکون ازدواجی و عائلی زندگی کے لئے دعا کی۔ انہوں مثالی انتظامات پر جملہ منتظمین کو قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے مبارکباد دی۔

Minhaj Welfare Foundation

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top