منہاج القرآن لاہور کا اجلاس، ضلعی عہدیداران و پی پی صدور کی شرکت

اجلاس میں حلقات درود، دروس عرفان القرآن، عوامی رابطہ مہم سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت
بارشوں، سیلاب سے جاں بحق ہونیوالوں کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا موبائل ہسپتال متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائے گا: رانا نفیس حسین قادری

منہاج القرآن لاہور

لاہور (17 جولائی 2022) تحریک منہاج القرآن لاہور کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے کی۔ اجلاس میں ناظم لاہور میاں ممتاز حسین سمیت ضلعی ذمہ داران اور پی پی صدور نے شرکت کی۔ اجلاس میں حلقات درود، دروس عرفان القرآن اور لاہور میں جاری عوامی رابطہ مہم سمیت دیگر امور پر تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونیوالوں کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پوری قوم افسردہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات، زلزلے، سیلاب وغیرہ کا وقوع پذیر ہونا اللہ رب العزت کی طرف سے بندوں کے اعمال پر اظہار ناراضگی ہے۔ ہمارے اعمال درست نہ ہوں تو باران رحمت بھی زحمت بن جاتی ہے۔ جب انسان زندگی کے ہر شعبے میں ظلم و بغاوت کو اختیار کر لیتا ہے، جب انسانیت ہی ظالم انسانوں کا اللہ کی بارگاہ میں شکرہ کرتی نظر آتی ہے، جب انسان اپنے ظلم کو عدل اور اپنے گناہ کو نیکی سمجھنے لگتا ہے۔ جب عبادت اور بندگی سے منہ موڑتا ہے تو اللہ کا غضب قدرتی آفات، طوفانی بارشوں، سیلابوں، وبائی امراض وغیرہ کی صورت میں زمین پر نازل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس غضب کا مقصد بندے کے اعمال کی اصلاح اور اسے اللہ کریم کی بندگی کی طرف متوجہ کرنا ہوتا ہے۔ ہم سب کو اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ بحیثیت قوم متحد ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے۔ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے ہر پاکستانی کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ سیلابی پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے گندگی اور بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ڈینگی نے بھی سر اٹھانا شروع کر دیا ہے، ان حالات میں ہم سب کو مل جل کر اپنے گھروں کے اردگرد پھیلے کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانا ہو گا، یہی کوڑا بارشوں میں نکاسی آب کے راستوں میں بندش کا باعث بنتا ہے۔

تحریک منہاج القرآن لاہور اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کارکنان بارشوں سے متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کیلئے بڑھ چڑھ کر امدادی کاموں میں حصہ لیں، منہاج ویلفیئر کا موبائل ہسپتال متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگائیں۔

اجلاس میں سنیئر نائب صدر منہاج القرآن لاھور پروفیسر ذوالفقار علی، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاھور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عبد المجید، ناظم نشر و اشاعت لاھور رانا عتیق الرحمن، چوہدری امجد حسین، چوہدری انور، حاجی امجد، ڈاکٹر محمد قاسم و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top