حضور نبی اکرم ﷺ سیرت و صورت میں افضل و اکرم ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

حضور نبی اکرم ﷺ نے دنیا کو امن و آشتی کا درس دیا، انسانی حقوق کو چارٹر عطا کیا: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
حضور نبی اکرم ﷺ کے شمائل و خصائل ہی آپ ﷺ کا اُسوہ حسنہ ہیں، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دعا کروائی

Dr Hussain Qadri addressing Jummah gathering

لاہور (21 اکتوبر 2022ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کے شمائل و خصائل ہی دراصل آپ ﷺ کا اُسوہ حسنہ ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا شباب مجسم حیا اور عصمت و قار کا کامل نمونہ تھا۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ بہترین اخلاق و عادات کا خزانہ تھی۔ صداقت و دیانت، ایفائے عہد، خندہ پیشانی، خوش اخلاقی، چھوٹوں سے محبت، بڑوں سے شفقت، صلہ رحمی، غم خواری، غریب پروری، مخلوق خدا کی خیر خواہی حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ، اخلاق حسنہ و محاسنہ افعال کا مجسمہ اور تمام عیوب و نقائص سے پاک تھی۔ حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کا ہر پہلو امت کیلئے مینارہ ہدایت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ اخلاق حسنہ و سیرت طیبہ کے اعتبار سے وہ منور آفتاب ہے جس کی ہر جھلک میں حسن خلق نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ نے دنیا کو امن و آشتی کا درس دیا، اپنے پاکیزہ عمل سے انسانی حقوق کو چارٹر عطا کیا، اپنی حیات طیبہ میں جو اسوہ حسنہ چھوڑا اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے اس فخر کا قیامت تک کوئی حریف نہیں ہو سکتا کہ انہوں نے اپنے پیغمبر ﷺ کے حالات اور واقعات کا ایک ایک حرف اس طرح محفوظ رکھا کہ کسی شخص کے حالات آج تک اس جامعیت اور احتیاط کے ساتھ قلم بند نہیں ہوسکے۔ قرآنِ حکیم میں حضور اکرم ﷺ کے جو مکارمِ اخلاق رب عظیم نے بیان کیے ہیں، صاحبِ خلقِ عظیم ﷺ کی ذاتِ ستوۃ صفات اس کا مظہرِ اَتم ہے۔ انہوں نے کہا حضور نبی اکرم ﷺ صوری و معنوی ہر لحاظ سے اجمل و اکمل، احسن و افضل، احسب و انسب اور اعلیٰ و ارفع ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے زندہ معجزوں کی تعداد بے شمار ہے لیکن آپ ﷺ کی زندگی کے ہر پہلو اور ہر گوشہ کا بہ تمام و کمال محفوظ رہنا خود ایک عظیم معجزہ ہے۔ آپ ﷺ کے اقوال وافعال، وضع و قطع، شکل و شباہت، رفتار و گفتار، مذاقِ طبیعت، اندازِ گفتگو، طرزِ زندگی، طریقِ معاشرت، اکل و شرب، نشست و برخاست اور سونے جاگنے کی ایک ایک ادا محفوظ ہے۔ انہوں نے مزید کہا محبوب خدا حضرت محمد مصطفی ﷺ اپنی خوبیوں میں یکتا ہیں کہ اس معاملہ میں ان کا کوئی شریک ہی نہیں ہے۔ کیونکہ آپ ﷺ میں جو حسن کا جوہر ہے وہ قابلِ تقسیم ہی نہیں ہے۔ حسن و جمال میں حضور نبی آخر الزماں ﷺ بے مثل و بے مثال ہیں۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد دعا کروائی، جمعۃ المبارک کے اجتماع میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی قائدین اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top