مسائل کا حل مصطفوی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے: رانا نفیس حسین قادری

حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنی سیرت مبارکہ کے ذریعے امن، محبت اور انصاف کا درس دیا
قرآن و سنت اعلیٰ ترین قانونی دستاویز ہیں، مسائل کی وجہ قرآن و سنت سے انحراف ہے
عدلیہ کی بالادستی اور انصاف کا بول بالا ریاست مدینہ کی شناخت تھے: صدر منہاج القرآن لاہور
عوامی رابطہ مہم، تنظیم سازی میں تیزی لائی جائے، منہاج القرآن لاہور کے اجلاس سے خطاب

Minhaj ul Quran Lahore meeting

لاہور (22 اکتوبر 2022) تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنی سیرت مبارکہ کے ذریعے امن، محبت اور انصاف کا درس دیا۔ عدلیہ کی بالادستی اور انصاف کا بول بالا ریاست مدینہ کی شناخت تھے۔ ریاست مدینہ میں عدلیہ بالا دست اور شہری کو فوری انصاف ملتا تھا۔ ریاستی عہدے امانت ہوتے ہیں ان کا غلط استعمال خیانت ہے۔ قرآن و سنت اعلیٰ ترین قانونی دستاویز ہیں، مسائل کی وجہ قرآن و سنت سے انحراف ہے۔ اسلام میں آزادانہ حق رائے دہی، آزادی اظہار اور اختلاف رائے کے حق کو تسلیم کیا گیا ہے۔ میثاق مدینہ میں مذہبی، سیاسی اور انسانی آزادی اور حقوق کو تسلیم کیا گیا۔ مسائل کا حل مصطفوی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن لاہور کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی و پی پی عہدیداران شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ ہر مہذب معاشرے کیلئے مثالی نمونہ ہے، حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنی سیرت مبارکہ کے ذریعے امن، محبت اور انصاف کا درس دیا۔ تکریم انسانیت اور انصاف سے ہی قومیں مضبوط ہوتی ہیں، حضور نبی اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ کی پیروی میں ہی کامیابی ہے۔

اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کی تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم، ضلعی و پی پی تنظیمات کی کارکردگی اور آئندہ کے اہداف کے حوالے سے مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں لاہور میں قائم حلقات درود اور دوروس عرفان القرآن کو مزید منظم کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے بھی تجاویز دی گئیں۔ اجلاس میں کامیاب عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد میں تحریک منہاج القرآن لاہور کے عہدیداران، پی پی صدور و ناظمین اور کارکنان کی محنت اور جانفشانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن لاہور نے کہا کہ منہاج القرآن کے کارکنان قیمتی اثاثہ ہیں۔ محنت اور لگن کا کوئی متبادل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم اور تنظیم سازی میں تیزی لائی جائے۔ عوامی رابطہ مہم میں ضلعی و پی پی عہدیداران اور کارکنان بھرپور حصہ لیں، لاہور کی ہر یونین کونسل، ہر محلے، ہر علاقے اور ہر گھر تک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا امن، محبت اور رواداری کا پیغام پہنچائیں۔

اجلاس میں ناظم لاہور میاں ممتاز حسین، پروفیسر ذوالفقار علی، کیپٹن (ر) عبدالمجید، چوہدری امجد حسین، چوہدری محمد انور، حاجی محمد امجد، ڈاکٹر محمد قاسم، رانا عتیق الرحمان و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
We Want to CHANGE the Worst System of Pakistan
Top