منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن علماء کونسل کے زیرِاہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ’’پیغامِ امام حسین علیہ السلام و اتحادِ امت کانفرنس‘‘ 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی شب، بعد نمازِ عشاء منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، صدر منہاج القرآن علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی، ناظمِ اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان علامہ مفتی محمد زبیر فہیم، مرکزی رہنما مجلس علماء کونسل پاکستان علامہ مفتی فتح محمد راشدی، ناظمِ اعلیٰ جماعت اہلحدیث پنجاب علامہ محمد سلیمان شاکر، ممبر اتحاد بین المسلمین علامہ مفتی سید عاشق حسین شاہ، علامہ اشفاق علی چشتی، علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد، علامہ پیر محمد طاہر نذیر نقشبندی سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علماء و مشائخ خطاب کیا۔
ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کا منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس (مع ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ)، استقبالیہ خطاب

لاہور: منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیرِ اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس‘‘ اور ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ میں ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے استقبالیہ خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے حق، صبر، استقامت اور دینِ اسلام سے وفاداری کا روشن پیغام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اتحادِ امت، اخوت اور باہمی احترام کے فروغ کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن فروغِ عشقِ رسول ﷺ، تعلیماتِ اہلِ بیتؑ اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ سیرتِ امام حسینؑ سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں امن، رواداری اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
کانفرنس اور مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ میں علماء کرام، مشائخ عظام، تحریک منہاج القرآن کے قائدین، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔



علامہ مفتی سید عاشق حسین شاہ کا منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس میں خطاب

لاہور: منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ممبر بین المذاہب و بین المسالک اتحاد پنجاب علامہ مفتی سید عاشق حسین شاہ نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی حیاتِ مبارکہ اور واقعۂ کربلا امتِ مسلمہ کے لیے حق، حریت، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیغامِ امام حسینؑ، تحریک منہاج القرآن کے فکری و اصلاحی مشن اور پیغامِ پاکستان میں ایک قدر مشترک ہے، اور وہ حق و صداقت کے لیے ثابت قدمی، اتحادِ امت اور امن و استحکام کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ دینِ اسلام کے تحفظ اور امت کی رہنمائی کا دائمی درس ہے۔
علامہ عاشق حسین شاہ نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری دامت برکاتہم العالیہ نے سیرتِ امام حسینؑ، فلسفۂ شہادت اور فکرِ حسینی کو عام فہم انداز میں عوام تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی علمی و تحقیقی کاوشوں نے نئی نسل کو واقعۂ کربلا کے حقیقی پیغام سے روشناس کرایا۔
انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کی ضرورت ہے۔ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر امت کی وحدت، امن اور فلاح کے لیے کام کرنے کا درس دیتی ہیں۔
کانفرنس میں علماء کرام، مشائخ عظام، تحریک منہاج القرآن کے قائدین، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔



علامہ ڈاکٹر ذوالفقار حیدر کا منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآں علماء کونسل کے زیرِاہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس (مع ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ) سے خطاب

لاہور: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مدیر شعبہ تدوین و نصاب جامعہ عروۃ الوثقی علامہ ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا ارشادِ مبارک ’’حسینؑ مجھ سے ہیں اور میں حسینؑ سے ہوں‘‘ اہلِ بیتِ اطہارؑ کی محبت اور عظمت کا واضح اعلان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبتِ امام حسینؑ ایک عظیم نعمت ہے، تاہم اس محبت کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی زندگی، کردار اور طرزِ عمل کو سیرتِ حسینی کے مطابق ڈھالے۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ حق، استقامت، ایثار اور دینِ اسلام کے تحفظ کا دائمی پیغام ہے۔ حضرت امام حسینؑ نے اپنے عمل سے امت کو یہ درس دیا کہ جب دین اور حق کو خطرات لاحق ہوں تو اہلِ ایمان کو ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
علامہ ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے دلوں میں اہلِ بیتِ اطہارؑ کی محبت موجود ہے، لیکن اس محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ سیرتِ حسینی کو عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا پرستی انسان کو حق کا ساتھ دینے سے روکتی ہے، جبکہ فکرِ حسینی انسان کو حق و انصاف کے لیے ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو اتحاد، اخوت اور مشترکہ مقاصد کے لیے یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات مسلمانوں کو باہمی احترام، وحدتِ امت اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے جدوجہد کا پیغام دیتی ہیں۔
علامہ ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی علمی و فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیرتِ امام حسینؑ اور پیغامِ کربلا کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن اور استحکام کے لیے دعا کی۔



علامہ محمد سلیمان شاکر کا منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس (مع ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ) سے خطاب

لاہور: منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ جماعت اہلِ حدیث پنجاب علامہ محمد سلیمان شاکر نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ اور واقعۂ کربلا امتِ مسلمہ کے لیے حق، استقامت اور عزت و وقار کا ابدی پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے اس اجتماع میں شرکت باعثِ سعادت ہے، جہاں حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام جمع ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اپنی عظمت و فضیلت میں منفرد مقام رکھتے ہیں، جبکہ حضرت امام حسین علیہ السلام خانوادۂ رسول اکرم ﷺ کے چشم و چراغ اور اہلِ بیتِ اطہار کے عظیم فرد ہیں، جن کی ذاتِ گرامی سے محبت و عقیدت صرف مسلمانوں تک محدود نہیں بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی ان کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر معاشرہ عزت، کامیابی اور سربلندی کا خواہاں ہے تو اسے واقعۂ کربلا سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی جان اور اپنے اہلِ خانہ کی قربانی دے کر انسانیت کو یہ لازوال سبق دیا کہ حق پر قائم رہنے والی گردن کٹ تو سکتی ہے، مگر باطل کے سامنے جھک نہیں سکتی۔ موجودہ دور کے حالات میں امتِ مسلمہ کو حضرت امام حسین ابن علی علیہما السلام کی تعلیمات سے وابستہ ہونے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدیاں گزر جانے کے باوجود حق و صداقت کی خاطر پیاس برداشت کرنے والے شہدائے کربلا آج بھی امت کے دلوں میں زندہ ہیں اور رہتی دنیا تک زندہ رہیں گے۔
کانفرنس میں علمائے کرام، مشائخ عظام، تحریک منہاج القرآن کے قائدین، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔



صاحبزادہ ملک پرویز اکبر ساقی کا منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس (مع ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ)سے خطاب

لاہور: منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس‘‘ (مع ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ) سے چیئرمین تحریک وحدتِ اسلامی، صاحبزادہ ملک پرویز اکبر ساقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کربلا کانفرنس عقیدت و محبت کے اظہار کا خوبصورت مظہر ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی انسانیت کے لیے ایمان، وفا اور حق پر استقامت کا ابدی پیغام ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا اور دنیا میں اپنی بندگی اور شکرگزاری کے لیے بھیجا ہے۔ نماز، روزہ، حج اور دیگر عبادات کا حقیقی مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا اور ایمان کی حفاظت ہے، نہ کہ محض ظاہری القابات اور شہرت کا حصول اگر عبادت کے ساتھ ایمان کی روح نہ ہو تو انسان نفاق کے خطرے سے محفوظ نہیں رہ سکتا، اس لیے ہر عمل کو اخلاص اور مضبوط ایمان کے ساتھ انجام دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی محبت اور نسبت انسان کی روحانی زندگی کا سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں انسان بہت سے دروازوں پر دستک دیتا ہے، مگر جو شخص اخلاص کے ساتھ اہلِ بیتِ اطہار کے درِ محبت سے وابستہ ہو جاتا ہے، وہ حقیقی روحانی اطمینان، ہدایت اور فیض سے محروم نہیں رہتا۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت اور اہلِ بیت کے نقشِ قدم کو اپنی زندگیوں کا عملی نمونہ بنائیں۔
کانفرنس میں علمائے کرام، مشائخ عظام، تحریک منہاج القرآن کے قائدین، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔



علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد نقشبندی کا منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس (مع ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ) سے خصوصی خطاب

انہوں نے کہا کہ سیرتِ امام حسین علیہ السلام دراصل تین بنیادی اوصاف کا حسین امتزاج ہے: سخاوت، تقویٰ اور حق پر ثابت قدمی۔ امام حسین علیہ السلام نے نانا جان حضور نبی اکرم ﷺ اور اہلِ بیتِ اطہار سے ایثار، جود و کرم اور مخلوقِ خدا پر خرچ کرنے کا عملی درس پایا۔ آپ کی سخاوت کا عالم یہ تھا کہ بیت المال سے ملنے والا مال بھی گھر پہنچنے سے پہلے مستحقین میں تقسیم کر دیتے تھے اور خدمتِ خلق کے آثار آپ کی پشتِ مبارک پر نمایاں ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی عبادت، تقویٰ اور خدا سے تعلق اپنی مثال آپ تھا۔ آپ نے اپنی پوری زندگی میں عبادت، اطاعت اور رضائے الٰہی کو مقدم رکھا، حتیٰ کہ میدانِ کربلا میں بھی آخری لمحے تک عبادت اور بندگی کا سلسلہ قائم رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حق کی تائید اور باطل کے سامنے ڈٹ جانا ہی سیرتِ حسینی کا بنیادی پیغام ہے، جس کے لیے امام عالی مقام علیہ السلام نے مدینہ، مکہ، اہل و عیال اور اپنی جان تک قربان کر دی، مگر حق کا دامن کبھی نہیں چھوڑا۔
انہوں نے اختتام کرتے ہوئے کہا کہ پیغامِ امام حسین علیہ السلام دراصل پیغامِ قرآن ہے اور یہی فکر تحریک منہاج القرآن کا بنیادی نصب العین ہے۔ اگر معاشرے میں عطا، تقویٰ، ایثار، حق گوئی اور استقامت کو فروغ دیا جائے اور ہر فرد اپنی زندگی کو سیرتِ حسینی کے رنگ میں رنگ لے تو ایک حقیقی مصطفوی معاشرے کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
کانفرنس میں الحاج عبدالغفور قادری، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، راجہ زاہد محمود قادری، محمد جواد حامد، خالد جاوید، میاں غلام مرتضیٰ مرتضائی، حاجی عبدالرشید، خالد اقبال، علامہ اشفاق علی چشتی، علامہ عین الحق بغدادی، ونگ کمانڈر ر عبدالغفار، سید مشرف شاہ، اقبال حسین باجوہ، شکیل احمد طاہر، حاجی غلام فرید عاجز، گوشہ نشینان سمیت ملک کے طول و عرض سے تشریف لائے ہوئے علمائے کرام، مشائخِ عظام، دینی و سماجی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



منہاج القرآن انٹرنیشنل و منہاج القرآن علماء کونسل کے زیرِاہتمام منعقدہ ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس‘‘ (مع ماہانہ مجلسِ ختم الصلاۃ علیٰ النبی ﷺ) کے موقع پر صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی کی اختتامی دعا

مفتی غلام اصغر صدیقی نے اختتامی دعا کرتے ہوئے ملک و ملت کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، امن و استحکام، عالمِ اسلام کی سربلندی، شہدائے کربلا کے فیوض و برکات سے مستفید ہونے، وطنِ عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور انسانیت کی فلاح کے لیے خصوصی دعا کی۔
























تبصرہ