منہاج القرآن کے قائدین کا اللہ والے فاؤنڈیشن کا دورہ
کنٹری ہیڈ حسن افضال نے وفد کا استقبال کیا، فلاحی منصوبوں بارے بریفنگ دی
انسانی خدمت مقبول عبادت اور صاحب حیثیت افراد پر واجب ہے: خرم نواز گنڈاپور

لاہور (29 جون 2026) ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن کے وفد نے اللہ والے فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کنٹری ہیڈ اللہ والے فاؤنڈیشن رانا حسن افضال نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور فاؤنڈیشن کی مختلف فلاحی و سماجی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران نیشنل آپریشن مینیجر عمر سعید نے وفد کو فاؤنڈیشن کے میگا کچن کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا۔ وفد نے خوراک کی تیاری، معیارِ صحت، پیکنگ، اور مستحق افراد تک کھانا پہنچانے کے نظام کا جائزہ لیا اور فاؤنڈیشن کی منظم اور مؤثر فلاحی خدمات کو سراہا۔
بعد ازاں ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے چیئرمین اللہ والے فاؤنڈیشن شاہد لون سے خصوصی ملاقات کی اور کہا کہ انسانی خدمت مقبول عبادت اور صاحب حیثیت افراد پر واجب ہے۔انسانی خدمت کےلئے کوشاں اداروں کا کردار رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن بھی خدمت خلق کے کاموں میں پیش پیش ہے۔ فلاحی اداروں کو ایک دوسرے کے تجربات اور مہارتوں سے سیکھنا چاہئے۔ وفد میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا، ڈائریکٹر ریسورسز اینڈ مارکیٹنگ حفیظ الرحمن خان، اورنگزیب رضا خان، میاں زاہد جاوید، وجاہت علی اور محمد اعظم شامل تھے۔


















تبصرہ