ڈائریکٹر فنانس منہاج القرآن انٹرنیشنل عدنان جاوید (مرحوم) کی 7ویں برسی
منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں قائم گوشہ درود میں دعائیہ تقریب کا انعقاد دعائیہ تقریب میں( مرحوم) کے ایصالِ ثواب اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی
عدنان جاوید (مرحوم) اخلاص، دیانت اور وفاداری کا روشن استعارہ تھے: خرم نواز گنڈاپور

لاہور (30 جون 2026) تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنما، ڈائریکٹر فنانس منہاج القرآن انٹرنیشنل اور نہایت مخلص و باصلاحیت شخصیت عدنان جاوید (مرحوم) کی 7ویں برسی کے موقع پر منہاج القرآن سیکرٹریٹ لاہور میں قائم گوشہ درود میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں (مرحوم) کے ایصالِ ثواب، بلندیٔ درجات اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ دعائیہ تقریب ڈائریکٹر گوشہ درود علامہ محمد لطیف مدنی، گوشہ نشینان و دیگر رہنمائوں نے عدنان جاوید (مرحوم) کی تحریک منہاج القرآن کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی تنظیمی صلاحیتوں، دیانت داری، خوش اخلاقی اور بے لوث وابستگی کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدنان جاوید (مرحوم) ایک نہایت نفیس، باکردار، دیانت دار اور فرض شناس نوجوان تھے۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی تنظیمی و انتظامی ترقی کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں اور اپنی ذمہ داریوں کو ہمیشہ امانت، اخلاص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ نبھایا۔ ان کی زندگی کارکنان کے لیے خدمت، وفاداری اور تنظیمی نظم و ضبط کی ایک روشن مثال ہے۔
دریں اثنا ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظمین اعلیٰ، ڈاکٹر رفیق نجم، جواد حامد، نور اللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس اور راجہ زاہد محمود، عبد الرحمان ملک، طیب ضیا، غلام فرید عاجز، شفقت ندیم، شکیل طاہر، دلدار حمید بھٹی و دیگر رہنمائوں نے بھی عدنان جاوید (مرحوم) کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔


















تبصرہ