منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک (ویلبی) کے زیرِاہتمام حضرت امام حسین علیہ السلام کی یاد میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد

کوپن ہیگن: ہفتہ، 27 جون 2026ء کو منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک (ویلبی) کے زیرِاہتمام حضرت امام حسین علیہ السلام کی یاد میں ایک پُروقار اور روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز قاری محمد ندیم اختر صاحب کی دلنشین تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ نظامت کے فرائض علامہ فیض رسول صاحب نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے اور حاضرین کو پروگرام کے مختلف مراحل سے روشناس کرایا۔ بعد ازاں مقامی ثناء خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور حضرت امام حسین علیہ السلام کی شان میں منقبت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
تقریب کی مرکزی گفتگو علامہ حافظ سعد الرحمٰن علوی (امام و خطیب منہاج القرآن ویلبی) نے کی۔ انہوں نے واقعۂ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بیان کیا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی حق و صداقت، عدل، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ایسا ابدی پیغام ہے جو ہر دور کے انسانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے امیر شیخ محمد اشفاق نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منہاج القرآن ویلبی کے صدر اعجاز احمد گوندل اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس بابرکت محفل میں مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اختتام پر عالمِ اسلام، امتِ مسلمہ، ڈنمارک اور پوری انسانیت کے امن، خیر و سلامتی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔
بعد ازاں تمام شرکاء کی تواضع حسینی لنگر (حسینی ڈنر) سے کی گئی، جہاں باہمی اخوت، محبت اور اسلامی بھائی چارے کی فضا میں حاضرین نے ایک دوسرے سے ملاقات اور تبادلۂ خیالات کیا۔





















تبصرہ