کوپن ہیگن: منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک (آما) کے زیرِاہتمام شہادتِ امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

کوپن ہیگن: منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک (آما) کے زیرِاہتمام 28 جون 2026ء بروز اتوار حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی بے مثال قربانیوں کی یاد میں سالانہ روحانی و فکری کانفرنس نہایت تزک و احتشام، عقیدت و احترام اور روحانیت سے بھرپور ماحول میں منعقد ہوئی۔ اس عظیم الشان اجتماع میں مرد و خواتین، نوجوانوں اور بچوں سمیت اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام سے محبت و عقیدت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نواسۂ رسول ﷺ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کا آغاز قاری محمد ندیم اختر کی پرسوز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی روح پرور آواز نے پورے ماحول کو نورِ قرآن سے معطر کر دیا۔ بعد ازاں سید طاہر شاہ، کاشف خان، اعجاز گوندل اور دیگر مقامی نعت خواں حضرات نے حضورِ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جس سے محفل پر محبتِ رسول ﷺ اور عشقِ اہلِ بیت علیہم السلام کی کیفیت طاری ہوگئی۔

کانفرنس کی نظامت کے فرائض علامہ عتیق احمد ہزاروی نے اپنے مؤثر، شائستہ اور دلنشین انداز میں انجام دیے، جبکہ کانفرنس کے مرکزی مقرر علامہ منظور احمد نقشبندی (امام و خطیب منہاج القرآن ویلبی) تھے۔ انہوں نے اپنے مدلل اور فکر انگیز خطاب میں واقعۂ کربلا کی تاریخی، روحانی اور تہذیبی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق و صداقت، عدل و انصاف، صبر و استقامت، وفائے عہد اور تحفظِ دینِ مصطفوی ﷺ کی روشن ترین علامت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیغامِ کربلا کسی ایک زمانے یا خطے تک محدود نہیں، بلکہ ہر دور کے انسان کو ظلم، جبر اور باطل کے سامنے استقامت، عزیمت اور حق گوئی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ سیرتِ امام حسین علیہ السلام کو اپنی انفرادی، اجتماعی اور عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے اعلیٰ اخلاق، خدمتِ خلق اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے صدر قیصر زبیر نجیب نے کانفرنس کی کامیابی پر منہاج القرآن آما کے صدر سجاد احمد ساہی، تنظیم اور تمام منتظمین، رضاکاروں اور شرکائے محفل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی شبانہ روز خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں تنظیمی نظم و ضبط، باہمی اخوت، وفاداری اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے علمی، فکری، روحانی اور اصلاحی مشن کو مزید مؤثر انداز میں عام کرنے کے لیے مسلسل محنت، اخلاص اور اجتماعی جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر حضرت امام حسین علیہ السلام، شہدائے کربلا کے ایصالِ ثواب، امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمِ اسلام کے امن و استحکام اور پوری انسانیت کی بھلائی و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں تمام شرکاء کی تواضع حسینی ڈنر سے کی گئی، جہاں محبت، اخوت اور اسلامی روایات کی خوبصورت جھلک نمایاں تھی۔

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

MQI Denmark Ama Hosts Annual Imam Hussain And Karbala Martyrs Conference In Copenhagen 2026

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top