اوڈنسے: منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیرِاہتمام شہادتِ امام حسینؑ کانفرنس اور مفتی عبد القیوم خان ہزارویؒ کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا

(اوڈنسے ): منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک، اوڈنسے سنٹر کے زیرِاہتمام 28 جون 2026ء بروز اتوار نواسۂ رسولِ اکرم ﷺ، حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک روح پرور، ایمان افروز اور باوقار محفل کا انعقاد کیا گیا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ، محبانِ اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام، علمائے کرام اور کارکنانِ منہاج القرآن نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ حکیم اور ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی قرآنی خوانی سے ہوا، جس کا ثواب استاد العلماء، مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، حضرت مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کو ایصال کیا گیا۔ اس موقع پر مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے نہایت رقت آمیز اجتماعی دعا بھی کی گئی۔
بعد ازاں محفل کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز قاری حسنین فرید کی پُرسوز اور دلنشین تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس نے حاضرین کے قلوب کو نورِ الٰہی سے منور کر دیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض علامہ شاہد ریاض نے نہایت وقار، شائستگی اور حسنِ اسلوب کے ساتھ انجام دیے۔ بعد ازاں مقامی نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ عقیدت پیش کرتے ہوئے نعتیہ کلام سنایا، جبکہ اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام، بالخصوص حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی، بے مثال کردار اور لازوال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سوز و گداز سے بھرپور مناقب پیش کیے، جن سے محفل کا روحانی ماحول مزید معطر اور ایمان افروز ہو گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی علامہ حافظ سعد الرحمن علوی (امام و خطیب، منہاج القرآن ویلبی) تھے۔ انہوں نے اپنے فکر انگیز خطاب میں فلسفۂ شہادتِ امام حسین علیہ السلام، واقعۂ کربلا کے آفاقی پیغام اور اس کی روحانی، اخلاقی اور عملی جہات پر مدلل انداز میں روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق و باطل کے درمیان واضح امتیاز، عدل و انصاف، صبر و استقامت، ایثار اور دینِ اسلام کی سربلندی کی روشن علامت ہے، جس سے ہر دور میں انسانیت رہنمائی حاصل کرتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا مسلمانوں کو ہر زمانے میں حق کا ساتھ دینے، ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور دینِ مصطفوی ﷺ کے تحفظ کے لیے ہر قربانی پیش کرنے کا درس دیتا ہے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک (اوڈنسے سنٹر) کے صدر علامہ حافظ محمد ندیم یونس نے کوپن ہیگن سے تشریف لانے والے معزز مہمانوں، علمائے کرام، نعت خواں حضرات، منتظمین، معاونین، کارکنان اور تمام شرکائے محفل کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بابرکت محفل کی کامیابی میں ہر فرد نے اپنی استطاعت اور اخلاص کے مطابق قابلِ قدر کردار ادا کیا، جس پر تمام معاونین، کارکنان اور منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آخر میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن و سلامتی، عالمِ اسلام کی سربلندی اور خصوصی طور پر استاد العلماء، مفتیِ اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، حضرت مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کے لیے دعائے مغفرت، بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی خصوصی دعا کی گئی۔
محفل کے اختتام پر تمام شرکائے کرام کی خدمت میں حسینی ڈنر پیش کیا گیا، جہاں حاضرین نے باہمی محبت، اخوت اور یگانگت کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس روحانی اور بابرکت اجتماع کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔






















تبصرہ