تحریکِ منہاج القرآن کے زیرِاہتمام ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ و شب بیداری کا انعقاد

لاہور: تحریکِ منہاج القرآن کے زیرِاہتمام جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ و شب بیداری کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء و مشائخ، مرکزی قائدین، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ محفل سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ پروفیسر ڈاکٹر غلام شبیر جامی نے ’’نفس اور تزکیۂ نفس‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تزکیۂ نفس انسان کی باطنی اصلاح کا بنیادی ذریعہ ہے۔ نفس مال و زر کی محبت اور حبِ جاہ و منصب کے ذریعے انسان کو غفلت میں مبتلا کرتا ہے، اس لیے انسان کے لیے اپنے نفس کا محاسبہ اور اصلاح ناگزیر ہے۔
انہوں نے نفس کے مختلف مدارج بیان کرتے ہوئے کہا کہ نفسِ امارہ انسان کو برائی کی طرف مائل کرتا ہے، نفسِ لوامہ اصلاح اور محاسبۂ نفس کی کیفیت پیدا کرتا ہے، نفسِ ملہمہ میں روحانی انوار نصیب ہوتے ہیں، جبکہ نفسِ مطمئنہ وہ بلند مقام ہے جہاں انسان اللہ تعالیٰ کی رضا کا مستحق بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفسِ کاملہ کے درجات مسلسل مجاہدہ، تقویٰ، محاسبۂ نفس اور اطاعتِ الٰہی کے ذریعے حاصل ہوتے ہیں۔
علامہ غلام شبیر جامی نے کہا کہ ظاہری طہارت پانی سے حاصل ہوتی ہے، جبکہ باطنی پاکیزگی تقویٰ، سچی توبہ، اعمالِ صالحہ اور کثرتِ درود و سلام سے نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے نماز کی روحانی کیفیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب نماز دل اور روح کی حضوری کے ساتھ ادا کی جائے تو بندہ معراجِ بندگی کی کیفیت سے بہرہ ور ہوتا ہے۔
ماہانہ مجلسِ ختم الصلوٰۃ علی النبی ﷺ و شب بیداری کے سربراہ احمد نواز انجم نے استقبالیہ گفتگو میں کہا کہ اس روحانی نشست کا مقصد صرف روحانی سرور حاصل کرنا نہیں بلکہ صفائے قلب اور تزکیۂ نفس کی منزل کی طرف پیش قدمی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اصلاحِ قلب کی محافل کم ہوتی جا رہی ہیں، جبکہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات اور صحبت اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ محفل کا آغاز قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ حافظ خرم شہزاد و برادران، حافظ عاصم شریف، حسن جمال چشتی اور ذیشان بیگ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت اور کلام پیش کیے، جبکہ گوشۂ درود و سلام کے وظائف عبدالسبوح و ہمنوا نے پیش کیے۔
ماہانہ مجلس میں الحاج عبدالغفور قادری، ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، الحاج شیخ محمد اسلم قادری، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس قادری، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود قادری، محمد جواد حامد، کرنل (ر) خالد جاوید، ونگ کمانڈر محمد غفار خان، اشتیاق حنیف مغل، اقبال مصطفوی، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، لطیف مدنی، حاجی غلام فرید عاجز، حسین نواز، سمیت علماء و مشائخ، تحریکِ منہاج القرآن لاہور اور مختلف فورمز کے قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔
اختتام پر اقبال حسین باجوہ اور سردار بشیر خان لودھی کی سربراہی میں حلقۂ ذکر منعقد ہوا۔ علامہ احسن اویس نے رقّت آمیز انداز میں دعا کروائی، جس میں امتِ مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی و استحکام، نوجوان نسل کے ایمان و کردار کی حفاظت، تحریکِ منہاج القرآن کی ترقی اور پوری انسانیت کی فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔




































تبصرہ