مومن وہ ہے جو دوسروں کے لئے آسانی پیدا کرے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
منہاج القرآن کی مینار پاکستان پر منعقد عالمی میلاد کانفرنس میں عوام کا سمندر امڈ آیا
پاکستان مسلمانوں کی عزت کا قلعہ ہے: ڈاکٹر عباس شومان، ڈاکٹر عبد الدائم الجندی کا خطاب
مینار پاکستان کو ڈاکٹر طاہرالقادری ہی بھر سکتے ہیں، ان کی دینی خدمات کا معترف ہوں: گورنر پنجاب
کانفرنس سے خرم نواز گنڈاپور، علامہ امین شہیدی، مفتی زبیر فہیم، علامہ شہزاد مجددی کا خطاب، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

لاہور (27 اگست 2026) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں 43ویں عالمی میلاد کانفرنس منعقد کی گئی۔ عوام کا سمندر مینار پاکستان امڈ آیا۔ بچوں، خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضا شب بھر آمد مصطفیؐ مرحبا مرحبا کے نعروں سے گونجتی رہی۔ مینار پاکستان کے میدان کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ بچوں نے رنگ برنگے غبارے چھوڑکر آقاؐ کی ولادت کا جشن منایا۔ عرب شیوخ اور مختلف مکتب فکر کے جید علمائے کرام کا پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر قائدین کا پرجوش استقبال کیا۔
کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مومن وہ ہے جو دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کرے، لوگوں کو اُس سے بات کرنے میں مشکل محسوس نہ ہو، آپؐ سراپا رحمت و شفقت ہیں، اصحاب رسول آپؐ سے دین بھی سیکھتے اور اپنے مسائل پر مشاورت بھی کرتے، آپؐ ہر ایک کو ہمہ تن گوش ہو کر سنتے، محبت فقط یہ نہیں ہے کہ آقا ؐ کے لئے جلوس نکالے جائیں، شیرینی بانٹی جائے بلکہ اصل محبت یہ ہے کہ آپؐ کی سیرت طیبہ کے ہر گوشے کو اپنی زندگی پر نافذ کیا جائے۔
انہوں نے اصلاح احوال اور سیرت نبوی ؐ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نرم مزاجی، ملنساری اور لوگوں کے ساتھ اخلاق کے ساتھ پیش آنا اصل ایمان ہے جو لوگ منبر رسولؐ پر بیٹھ کر دوسروں کو دائرہ اسلام سے خارج کرتے ہیں، اپنے الفاظ سے دوسروں کی دل آزاری کرتے ہیں، اُمت میں تفرقہ پیدا کرتے ہیں ایسے لوگ بتائیں وہ کس دین کی تعلیمات کے پیروکارہیں۔ نفرت اور انتشار کے رویوں کا اسلام اور پیغمبر اسلامؐ کی تعلیمات سے کوئی واسطہ نہیں ہے، جو لوگ دوسروں کے لئے محبت اور شفقت کے جذبات رکھتے ہیں اللہ نے اُن کے لئے انعام میں جنت رکھی ہے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملت اسلامیہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کے افکار سے استفادہ کر رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن حضور نبی اکرم ؐ کی تعلیمات کا پرچم تھامے ہوئے ہے۔ مینار پاکستان کو عشاقان مصطفی ؐسے بھر دینے کا کام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہی کر سکتے ہیں۔ شیخ الاسلام علم، امن اورمحبت کی خوشبوئیں عام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں شرکت کرنا میرے لئے فخر کی بات ہے۔
جامعۃ الازہر شریف کے سیکرٹری جنرل اسلامک ریسرچ اکیڈمی ڈاکٹر عبد الدائم الجندی نے اپنے خطاب میں کہاکہ مینار پاکستان میں موجود ہزار ہا افراد کے دلوں اور چہروں پر ولادت مصطفیؐ کے موقع کی جو خوشی دیکھی ہے ایسا منظر میں نے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تربیت کا رنگ ہر طرف جھلک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولادت کے جشن میں شریک مرد و خواتین اور تحریک منہاج القرآن کے لئے میری ڈھیروں دعائیں ہیں۔
کونسل آف سینئر سکالرز الازہر شریف مصر کے ڈاکٹر عباس عبد اللہ شومان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مصر سے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لئے آئے ہیں، اس عظیم محفل کو دیکھ کر اطمینان ہوا ہے کہ اسلام اور اس کے پیروکار خیر میں ہیں اور پاکستان کے لوگ اپنے محبوب آقا ؐ سے بے حد پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کی عزت کا قلعہ ہے، پاکستان کے لوگ خوش اخلاق اور مہمان نواز ہیں، ہم بہت اچھی یادیں لے کر یہاں سے واپس اپنے وطن جائینگے۔
پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ ولادت پاک اور سیرت طیبہ کو ئی الگ موضوعات نہیں ہیں، یہ ایک ہی حقیقت کے دو پہلو ہیں، ولادت پاک کا تذکرہ سیرت مصطفیؐ کا تذکرہ ہے۔ میلاد آپ ؐ کے جمال اور بعثت آپؐ کے کمال کی مظہر ہے۔ آپ ؐ کی سیرت طیبہ سے انسانیت کو شعور ملا۔
عالمی میلاد کانفرنس سے علامہ امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلامؐ کی تعلیمات اول تا آخر شفقت و محبت اور مواخات و ایثار کا پیغام ہیں۔ عالمی کانفرنس سے علامہ شہزاد مجددی، خرم نواز گنڈاپور، مفتی محمد زبیر فہیم و دیگر نے خطاب کیا۔ عالمی میلاد کانفرنس میں ملک بھر سے آئے ہوئے معروف قراء و اور نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت مآب ؐ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کر کے حضور نبی اکرمؐ کی ولادت پاک کا جشن منایا گیا۔


















تبصرہ