350 طلبہ و طالبات کو الشہادۃ العالمیہ کی تکمیل پر ڈگریاں جاری

مورخہ: 27 اگست 2026ء

جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے کانووکیشن میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی خصوصی شرکت
عرب شیوخ، پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری و دیگر مقررین کی اعلیٰ تعلیمی کارکردگی پر طلبہ و طالبات کو مبارکباد

JIMQ Convocation 2026

جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن لاہور کے سالانہ کانووکیشن 2026 میں 350 طلبہ و طالبات کو الشہادۃ العالمیہ کی تکمیل پر ڈگریاں جاری کی گئیں، جبکہ 50 سے زائد طلبہ و طالبات کو اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خصوصی میڈلز اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانووکیشن میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔

مصر کی جامعۃ الازہر الشریف کے شیوخ نے بھی کانووکیشن سے خطاب کیا اور جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اعلیٰ تعلیمی و تدریسی نظام کو سراہتے ہوئے انتظامیہ، اساتذہ اور فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دینی اور دنیاوی تعلیم کو یکجا کرنے کا وژن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دیا، جس پر جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن میں عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے فارغ التحصیل طلبہ بیک وقت اسلامی اسکالرز بھی ہوتے ہیں اور معاشی ماہرین بھی۔ یہاں طلبہ و طالبات کو جدید سائنسی مضامین کے ساتھ ساتھ علوم القرآن، علوم الحدیث اور علوم الفقہ کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات کی کامیابی میں والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کا عملی کردار ہوتا ہے۔ یہاں سے دینی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی سرپرستی میسر ہے۔ شیخ الاسلام نے عمر بھر امن اور اعتدال کی تعلیم دی ہے۔ میرا یقین ہے کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں علم حاصل کرنے والے طلبہ کو انتہاپسندی اور تنگ نظری چھو بھی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ منہاج یونیورسٹی لاہور خیبرپختونخوا میں بھی ایک اعلیٰ معیار کی یونیورسٹی قائم کرنے جا رہی ہے۔

جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے پرنسپل پروفیسر علامہ ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن ایک ایسی نسل کی تیاری کے لیے کوشاں ہے جو دینی بصیرت، عصری شعور، اخلاق و کردار اور عملی صلاحیتوں سے آراستہ ہو۔ ہم اپنے طلبہ کو علم اور امن سے محبت کرنا سکھاتے ہیں۔

کانووکیشن کی تقریب میں جامعۃ الازہر الشریف مصر سے ڈاکٹر عباس شومان، ڈاکٹر عبدالدائم الجندی اور ڈاکٹر وائل محمود السید بخیت نے شیخ الازہر کی جانب سے اخوت و محبت بھرا پیغام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الازہر امام اکبر ڈاکٹر احمد الطیب کی خواہش ہے کہ جامعۃ الازہر الشریف اور منہاج القرآن کے درمیان علمی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آر ای کے نمائندے میجر جنرل (ر) ڈاکٹر غلام محمد قمر نے کہا کہ طلبہ و طالبات علم، کردار اور بصیرت کے ذریعے ملک و معاشرے کی بہترین خدمت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے نظامِ تعلیم کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں واقعتاً اعتدال کی اقدار پر یقین رکھنے والی نسل پروان چڑھ رہی ہے۔ مفتی محمد زبیر فہیم نے جامعہ کی علمی و دینی خدمات کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں عصری اور دینی تعلیم کو اس کا جائز مقام مل رہا ہے۔

علامہ قاری محمد یعقوب نے کہا کہ میں نے پہلی بار کسی دینی جامعہ کو لاہور کے ایک پوش ہال میں کسی کمرشل یونیورسٹی کی طرز پر شاندار کانووکیشن منعقد کرتے ہوئے دیکھا ہے اور میرا دل خوشی سے باغ باغ ہو گیا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدارسِ دینیہ کو مرکزی قومی تعلیمی دھارے میں لانے کے حوالے سے قابلِ تقلید خدمت انجام دے رہے ہیں۔

کانووکیشن کی تقریب میں منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، ڈاکٹر خرم شہزاد، علامہ محمد رمضان سیالوی، علامہ ڈاکٹر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مفتی عبدالرحیم، علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر، آفتاب احمد خان، حاجی محمد امین قادری، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظمین اعلیٰ اور ممتاز علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر معزز مہمانان اور علمائے کرام کو جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

کانووکیشن کی نظامت کے فرائض علامہ عین الحق بغدادی اور علامہ شفاقت بغدادی الازہری نے انجام دیے، جبکہ تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت قاری خالد حمید کاظمی نے حاصل کی۔

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

Governor Faisal Karim Kundi Speech at JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

JIMQ Convocation 2026

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top