طلبہ علم کو کردار و عمل میں ڈھالیں: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 31 اگست 2026ء

وقت کی قدر کامیابی کی بنیاد ہے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل
طلبہ کے کردار سےجامعہ کی تربیت جھلکنی چاہیئے: پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی
کالج آف شریعہ کے فارغ التحصیل طلبہ کی جانب سے اساتذہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریبِ سے خطاب

JIMQ Teachers Appreciation Ceremony 2026

لاہور (31اگست 2026) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے الشہادۃ العالمیہ سالِ دوم، سیشن 2019ء تا 2026ء کے فارغ التحصیل طلبہ کے زیرِاہتمام مرکزی سیکریٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل میں اساتذہ کے اعزاز میں الوداعیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فارغ التحصیل طلبہ، رئیس الجامعہ اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سات سالہ تعلیمی و تربیتی سفر عملی زندگی کی مضبوط بنیاد ہے۔ طلبہ علم کے خادم اور ہمیشہ علم کے طالب بنیں، اپنے مطالعے اور علمی استعداد میں مسلسل اضافہ کریں اور جامعہ سے حاصل ہونے والی تربیت کو کردار و عمل میں ڈھالیں۔ انہوں نے کہا کہ علم کی کوئی انتہا نہیں، حصولِ علم کے لیے عاجزی ضروری ہے۔ طلبہ وقت کی قدر کریں، اپنی ترجیحات متعین کریں اور صحت و جوانی جیسی نعمتوں کو علم، عبادت اور خدمت کے لیے استعمال کریں۔ جامعہ سے فراغت سفر کے ایک باب کی تکمیل ہے۔ منہاج القرآن طلبہ کی وراثت اور مصطفوی مشن امانت ہے۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے استقبالیہ گفتگو میں کہا کہ سات سالہ تعلیمی سفر کے بعد طلبہ اب اپنے علم کو عملی زندگی میں ڈھالنے جا رہے ہیں۔ ان کے کردار و عمل سے جامعہ کی تربیت نمایاں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کی نسبت سب سے منفرد ہے، جہاں روایت و جدت، محبتِ رسول ﷺ، اہلِ بیت اطہار و صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے وابستگی، وسعتِ نظر اور جامعیت یکجا ہیں۔

صدر بزمِ منہاج محمد فیض المصطفیٰ چشتی اور دیگر فارغ التحصیل طلبہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے اساتذہ کی علمی و تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تعلیمی سفر کا اختتام نہیں بلکہ ایک نئے باب کا آغاز ہے، اب قائد کی تعلیمات کا تعارف معاشرے کو علم، کردار، اخلاق اور خدمت کے ذریعے کروانا ہے۔ انہوں نے مفتی اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کی علمی و روحانی خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کا آغاز قاری اکرام ربانی اور احمد رضا کی تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جبکہ سبحان علی سعیدی، شہباز احمد، محمد جواد احمد اور صاحبزادہ احمد جمال نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ نقابت کے فرائض عبدالسبوح نے سرانجام دیے۔ تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ ڈاکٹر محمد رفیق نجم، کرنل (ر) خالد جاوید، راجہ زاہد محمود قادری، رانا محمد اکرم، علامہ پروفیسر محب اللہ اظہر، صابر حسین نقشبندی، پروفیسر ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی الازہری، علامہ مسعود مجاہد، علامہ سید افتخار شاہ، قاری سید خالد حمید کاظمی، قاضی فیض الاسلام، رانا اکرم قادری سمیت اساتذہ، فیکلٹی ممبران، اراکینِ بزمِ منہاج اور فارغ التحصیل طلبہ نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top