چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی تحریک منہاج القرآن لاہور زون کے ذمہ داران سے خصوصی گفتگو
مراکزِ علم کے قیام، رفاقت سازی، دروسِ قرآن اور تنظیمی استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

لاہور: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن لاہور زون کے زیرِاہتمام مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے اجلاس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکن کا کردار مالک بننے کے بجائے لوگوں کو دعوت، فکر اور تربیت کے ذریعے تحریک سے جوڑنے والے رابطہ کار کا ہے۔ کارکنان نئے آنے والوں کے لیے اپنے دل اور دروازے کھلے رکھیں اور ’’میں‘‘ کے بجائے ’’ہم‘‘ کی سوچ کو فروغ دیں۔ انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور کے تمام فورمز، اضلاع، تحصیلات اور یونین کونسلز کے کارکنان کی بھرپور شرکت اور خدمات کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک کی حقیقی تنظیمی قوت گلی، محلے اور یونین کونسل کی سطح پر دعوت، تربیت اور مستقل رابطے سے پیدا ہوتی ہے۔ مراکزِ علم کے قیام پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کے لیے بڑی عمارت ضروری نہیں؛ گھر کی بیٹھک میں چند افراد پر مشتمل نشست بھی مرکزِ علم بن سکتی ہے، جہاں قرآن فہمی، فکرِ منہاج، تربیت، اخلاق، آداب اور معاشرتی مسائل پر گفتگو کے ذریعے افراد کی فکری و اخلاقی تربیت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ رفاقت سازی کے ذریعے نئے افراد کو مراکزِ علم سے جوڑا جائے، کارکن تیار کیے جائیں اور انہیں بتدریج تنظیمی ذمہ داریوں سے وابستہ کیا جائے۔ ہر کارکن اپنے رشتہ داروں، دوستوں اور سماجی روابط کے ذریعے نئے افراد تک تحریک کا پیغام پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے تمام فورمز کے باہمی ربط اور تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن، علماء کونسل، پاکستان عوامی تحریک، ویمن لیگ، یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم سمیت تمام فورمز ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ استحکام کے لیے اتحاد، احترام، وسعتِ فکر اور اجتماعی جدوجہد کو فروغ دیں۔
انہوں نے اختتام کرتے ہوئے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کی کامیابی آئندہ کے لیے نقطۂ آغاز ہے۔ اب رفاقت سازی، مراکزِ علم کے قیام، دعوت و تربیت کے فروغ، دروسِ قرآن اور حلقاتِ درود کے ذریعے یونین کونسل کی سطح تک تنظیمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے۔
اجلاس سے مرکزی نائب ناظمِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے تمام فورمز، قائدین، عہدیداران اور کارکنان کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے عالمی میلاد کانفرنس میں لاہور کے کارکنان کی بھرپور محنت، جذبے اور مثالی نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کی کامیابی اجتماعی نظم و ضبط، باہمی تعاون اور تحریک سے کارکنان کی وابستگی کا مظہر ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کے خطاب کے دوران ہزاروں افراد کے مثالی نظم و ضبط نے تحریک کی تنظیمی قوت اور کارکنان کے جذبۂ خدمت کو نمایاں کیا۔
اجلاس میں راجہ زاہد محمود قادری، صدر تحریک منہاج القرآن لاہور اقبال حسین باجوہ، ناظم علی رحمت اعوان، علامہ محمد رفیق رندھاوا، ملک احمد اخوان اعوان، علامہ خلیل حنفی، محمد مجاہد، حسین نواز، نورین علوی سمیت لاہور کے تمام اضلاع، پی پی حلقہ جات، یونین کونسلز اور جملہ فورمز کے قائدین و ذمہ داران نے شرکت کی۔




























تبصرہ