46 سالہ سفر: ایک ادارے سے عالمی تحریک تک!

آج سے 46 سال قبل شادمان لاہور میں ایک ادارے کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ آج وہ ادارہ ایک ایسی عالمی تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے جس کی سرگرمیاں تعلیم، تحقیق، تربیت، روحانیت، خدمتِ انسانیت اور اصلاحِ معاشرہ کے مختلف شعبوں تک پھیل چکی ہیں۔
17 اکتوبر 1980ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ادارہ منہاج القرآن کی بنیاد رکھی تو اس کے سامنے ایک واضح منزل تھی: ’’مصطفوی معاشرے کا قیام؛ ایک ایسا معاشرہ جہاں علم، امن، عدل، اخلاق، رواداری اور خدمتِ انسانیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔‘‘
یہ سفر محض ایک مذہبی تنظیم کی توسیع کا نہیں بلکہ ایک فکر کو مستقل اداروں کی صورت دینے کا سفر ہے۔
ابتدائی برسوں میں دعوت، اصلاحِ احوال، محبتِ رسول ﷺ کے فروغ اور دینی شعور کی بیداری کیلئے علمی و روحانی اجتماعات کا آغاز ہوا۔ پھر اُس جدوجہد نے نوجوانوں، طلبہ، خواتین اور معاشرے کے مختلف طبقات تک اپنے تنظیمی دائرے کو وسیع کیا۔ اسی دوران تعلیم، تحقیق اور ادارہ سازی کا سفر بھی آگے بڑھتا رہا۔
منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، فریدِ ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور منہاج القرآن پبلی کیشنز کے ذریعے علمی و تعلیمی جدوجہد کو ادارہ جاتی بنیادیں فراہم کی گئیں۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور آغوش جیسے فلاحی منصوبوں نے محروم طبقات کی خدمت اور بچوں کی تعلیم و کفالت کو مستقل سماجی ذمہ داری کی صورت دی۔
دنیا کے مختلف ممالک میں قائم مراکزِ منہاج القرآن نے بیرونِ ملک مقیم مسلمانوں، بالخصوص نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت، بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمے کیلئے نئے امکانات پیدا کئے۔
دہشتگردی اور خودکش حملوں کے خلاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تفصیلی فتویٰ بھی اس تاریخی سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جس نے انتہاپسندی کے مقابلے میں اسلام کے امن پسندانہ مؤقف کو علمی دلائل کے ساتھ پیش کیا۔
حالیہ برسوں میں نظام المدارس پاکستان، نصابی اصلاحات، جدید تعلیمی منصوبوں اور ویژن 2035ء کے ذریعے اس ادارہ جاتی جدوجہد کو مزید منظم اور مستقبل سے ہم آہنگ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اس 46 سالہ سفر کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ منہاج القرآن نے محفل سے ادارے، جذبے سے تربیت اور وقتی سرگرمی سے مستقل معاشرتی تعمیر کی طرف پیش قدمی کی ہے۔
آج تحریک کا اصل امتحان صرف اداروں کی تعداد بڑھانا نہیں بلکہ اُن کا معیار، شفافیت، جوابدہی اور معاشرے پر مثبت اثرات مزید بہتر بنانا بھی ہے۔
46 ویں یومِ تاسیس پر ہمارا عہد یہی ہے کہ ہم نے راستے ضرور بدلے ہیں، مگر منزل نہیں بدلی۔
ہماری منزل آج بھی مصطفوی معاشرے کا قیام ہے، اور ہماری جدوجہد کا اصل سرمایہ وہ نسلیں ہیں جو علم، کردار اور خدمتِ انسانیت کے جذبے کے ساتھ تیار ہو رہی ہیں۔ کیونکہ مضبوط ادارے صدیوں تک قوموں کی تعمیر کرتے ہیں۔
تحریر: عبدالستار منہاجین


















تبصرہ