تحریکِ منہاج القرآن کا 46 سالہ سفر علم، امن، تجدیدِ دین اور خدمتِ انسانیت کی روشن مثال ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا خصوصی خطاب
شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی تصانیف و خطابات رفقاء و وابستگان کی فکری و تربیتی رہنمائی کا مؤثّر ذریعہ ہیں: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل

لاہور: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاجینز فورم کے زیرِاہتمام مرکزی سیکریٹریٹ میں منعقدہ 46ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریکِ منہاج القرآن کا 46 سالہ سفر علم، امن، تجدیدِ دین، فکری بیداری اور خدمتِ انسانیّت کی جدوجہد کا مظہر ہے۔ تحریک نے دینی و عصری علوم کے امتزاج، علمی و تحقیقی لٹریچر کی تیاری، نوجوانوں اور خواتین کی تربیت، عشقِ رسولﷺ کے فروغ اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمّد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ نے 17 اکتوبر 1980ء کو رکھی۔ تحریک کا مقصد دین کی جامع تعلیمات کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، نوجوان نسل کی کردار سازی اور معاشرے میں محبت، رواداری اور اتحاد کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیر کی دعوت، نیکی کا فروغ اور برائی سے روکنا ایک منظم دینی جماعت کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں۔ کسی تحریک کی حقیقی قدر و منزلت کا تعین اس کی عملی خدمات، نظم و ضبط اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے کی جانے والی جدوجہد سے ہوتا ہے۔ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی علمی و فکری تشکیل میں حضرت فریدِ ملت ڈاکٹر فرید الدین قادریؒ کی تربیت اور رہنمائی کا اہم کردار ہے۔ قدیم و جدید علوم کے امتزاج نے تحریکِ منہاج القرآن کو ایک ایسی فکری شناخت عطا کی جس میں تعلیم، تحقیق، روحانیت اور انسانی احترام کو یکساں اہمیت حاصل ہے۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور، جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، آغوش آرفن کیئر ہومز سمیت دیگر تعلیمی و فلاحی منصوبے تحریک کے ادارہ جاتی وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ اسی طرح عشقِ رسول ﷺ، سیرتِ طیبہ، تصوف، تزکیۂ نفس اور روحانی تربیت کے فروغ کے لیے محافلِ میلاد، گوشۂ درود، اعتکاف اور علمی و تحقیقی سرگرمیاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ تحریک کا علمی سرمایہ اور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی تصانیف و خطابات رفقاء و وابستگان کی فکری و تربیتی رہنمائی کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ خواتین، نوجوانوں اور طلبہ کو منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا اور نظام المدارس کے ذریعے دینی تعلیم کے شعبے میں کام کرنا بھی تحریک کی اہم سرگرمیوں میں شامل ہے۔ بین المسالک رواداری، بین المذاہب احترام اور علمی مکالمے کا فروغ عصرِ حاضر کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اختتام کرتے ہوئے کہا کہ تحریکوں کی پائیدار ترقی مضبوط فکری بنیادوں، مسلسل محنت، منظم تربیت اور ادارہ جاتی استحکام سے ممکن ہوتی ہے۔ تحریکِ منہاج القرآن کے وابستگان کو دوسروں کی عارضی مقبولیت سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنے مشن، علمی معیار اور تنظیمی استحکام پر توجہ دینی چاہیے۔ مستقبل کے چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ، تحقیق اور تربیت کے نئے طریقوں کو اپنانا اور نوجوان نسل کی ضروریات کو پیشِ نظر رکھنا ہوگا۔ اختتام پر انہوں نے دنیا بھر میں تحریکِ منہاج القرآن کے رفقاء، وابستگان اور تمام تنظیمات کو یومِ تاسیس کی خصوصی مبارک باد دی۔
یومِ تاسیس کی تقریب میں ناظمِ اعلی منہاج القرآن انٹرنیشنل خرّم نواز گنڈاپور، الحاج عبدالغفور قادری، حاجی محمّد امین القادری، نوراللہ صدّیقی، کرنل ریٹائرڈ خالد جاوید، شاہد لطیف قادری، راجہ زاہد محمود، ڈاکٹر میر محمّد آصف اکبر قادری، پروفیسر ڈاکٹر محمّد ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر محمّد فاروق رانا، انوار المصطفیٰ ہمدمی، عائشہ مبشّر، لبنیٰ مشتاق، حافظہ سحر عنبرین، عمّارہ مقصود، مرکزی قائدین تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاجینز فورم سمیت جملہ فورمز و شعبہ جات کے سربراہان و ذمہ داران اور اسٹاف ممبران نے کثیر تعداد مین شرکت کی۔





























تبصرہ