ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اجلاس
مسلم ممالک کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے: ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر الوری
ملت اسلامیہ کو اتحاد و یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی: لیاقت بلوچ
اتحاد امت اور بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے: خرم نواز گنڈاپور
اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور دینی رہنمائوں کی شرکت

لاہور (24 اکتوبر 2026ء) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر الوری کی زیرِصدارت مرکزی سیکریٹریٹ منہاج القرآن انٹرنیشنل، لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی صورتِ حال، امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز، مسلم ممالک کے تحفظ، قومی یکجہتی، بین المسالک ہم آہنگی اور اسلامی ممالک کے مابین اتحاد و تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکائے اجلاس نے موجودہ حالات میں مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اور مؤثر عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے شرکائے اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے دروازے تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے نمائندگان کے لیے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے غیرمتزلزل وفاداری، قومی استحکام اور اتحاد و یکجہتی منہاج القرآن کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ پاکستان کے ساتھ ہماری وفاداری اٹل ہے اور اس کے لیے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قومی مفادات کا تحفظ اور ملک میں اتحاد و اتفاق کا فروغ تمام دینی و قومی قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر الوری نے اپنے صدارتی خطاب میں اتحادِ امت، بین المسالک ہم آہنگی اور مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں امتِ مسلمہ کو اپنے مشترکہ مسائل کے حل، مسلم ممالک کی سلامتی و خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے متحد ہو کر مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور دینی و ملی قوتوں کے مابین اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملت اسلامیہ کو اتحاد و یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی، ہنود یہود کی سازشوں کو ناکام بنانے کےلئے علمائے کرام اور ملت اسلامیہ کے سرکردہ افراد گروہی اور فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کی راہ ہموار کریں۔ ملت کا محفوظ مستقبل یکجا ہونے میں ہے۔
اجلاس کے اختتام پر لیاقت بلوچ نے متفقہ مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا، جس میں اجلاس کے شرکاء کے مؤقف اور زیرِبحث امور سے متعلق نکات شامل تھے۔ اجلاس میں ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری، علامہ اشفاق علی چشتی، قاری محمد یعقوب شیخ، پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، علامہ شبیر حسین میثمی، ڈاکٹر سید علی عباس نقوی، سید اسد عباس نقوی، مولانا محمد جاوید قصوری، مولانا میاں شبیر احمد قادری، حافظ محمد اسلم، علامہ محمد ایوب مغل، علامہ عبد الغفار روپڑی، علامہ عبدالوحید شاہد روپڑی سمیت مختلف مکاتبِ فکر و دینی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، مشائخِ عظام اور دینی و ملی رہنماؤں نے شرکت کی اور اظہارِ خیال کیا۔ اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدور اور ڈپٹی جنرل سیکریٹریز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے اختتام پر پاکستان اور پوری امتِ مسلمہ کی سلامتی، استحکام، اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔


















تبصرہ