لوگوں کی مشقت دور کرنا اور اُن کی قدر و منزلت کا خیال رکھنا تعلیماتِ نبوی ﷺ کا عملی مظہر ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

رسول اللہ ﷺ کی رحمت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم لوگوں کی تکالیف محسوس کریں، شکستہ دلوں کو سہارا دیں اور اپنے اَخلاق سے دوسروں کی زندگیاں آسان بنائیں: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹر نیشنل

تمہید:

انسانیت کی حقیقی خدمت یہ ہے کہ دوسروں کی مشقت کم کی جائے، اُن کے دکھ درد کو محسوس کیا جائے اور اُن کی عزتِ نفس کا احترام کیا جائے۔ رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہ عظیم درس دیتی ہے کہ شکستہ دلوں کو سہارا دینا، پریشان حال لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور شفقت و مہربانی سے پیش آنا تعلیماتِ نبوی ﷺ کا عملی تقاضا ہے۔ یہی وہ نبوی اخلاق ہیں جو انسانوں کے دلوں کو جوڑتے، معاشرے میں محبت و ہمدردی کو فروغ دیتے اور زندگیوں کو آسان بناتے ہیں۔

اُمت کی تکالیف پر رسول اللہ ﷺ کی شفقت ورحمت:

چیئرمین سپریم کونسل پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: جب کسی انسان کی شخصیت، طبیعت، مزاج یا زندگی پر کوئی ایسی مشقت اور دشواری طاری ہو جائے جو اُسے اندر سے توڑ کر رکھ دے، تو عربی زبان میں اس کیفیت کو ’’عَنَتٌ‘‘ کہا جاتا ہے۔ علامہ ابن منظور اس لفظ کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

اَلْعَنَتُ: دُخُولُ الْـمَشَقَّةِ عَلَى الْإِنْسَانِ وَلِقَاءُ الشِّدَّةِ.

’’اَلْعَنَتُ: انسان پر مشقت و دشواری کا آ پڑنا اور سختی و تکلیف سے دوچار ہونا‘‘

(ابن منظور، لسان العرب، جلد2، ص 61)

علامہ ابن منظور پھر لکھتے ہیں:

اَلْعَنَتُ: اَلضَّرَرُ الشَّاقُّ الْـمُؤْذِي.

’’اَلْعَنَتُ: سے مراد ایسا سخت اور تکلیف دہ ضرر ہے جو انسان کو اذیت میں مبتلا کر دے (اور جس کی تکلیف زائل نہ ہو سکے)

(ابن منظور، لسان العرب، جلد2، ص 61)

اس مفہوم کی روشنی میں واضح ہوتا ہے کہ عَنَتٌ محض جسمانی تھکن یا معمولی پریشانی کا نام نہیں، بلکہ اس میں ایسی سختی، اذیت اور مشقت کا مفہوم بھی شامل ہے جو انسان کی طبیعت پر گراں گزرے، اس کے دل کو رنجیدہ کر دے اور اس کی ہمت کو کمزور کر دے۔ مثلًا: جب کسی شخص کو مسلسل ظلم کا سامنا کرنا پڑے، اس کے حقوق پامال کیے جائیں، اسے بار بار رسوا کیا جائے اور اس کی خدمات و قربانیوں کو نظرانداز کیا جائے، تو رفتہ رفتہ وہ اندر سے ٹوٹنے لگتا ہے۔ اس کا دل بوجھل ہو جاتا ہے، طبیعت افسردہ ہو جاتی ہے اور زندگی کی جدوجہد بھی اس کے لیے دشوار محسوس ہونے لگتی ہے۔ یہ وہ اذیت ہے جو بسا اوقات جسمانی تھکن سے کہیں زیادہ گہری ہوتی ہے۔

اسی مادے سے لفظ’’اَلتَّعَنُّتُ‘‘بھی آتا ہے، جس کا مفہوم کسی پر بے جا سختی کرنا، غیر ضروری دشواریاں پیدا کرنا اور کسی پر ایسا بوجھ ڈالنا ہے جسے اٹھانا اس کے لیے مشکل ہو۔ گویا کسی انسان کو بلاوجہ تنگ کرنا، اس کی استطاعت سے بڑھ کر ذمہ داریاں عائد کرنا یا اُسے مسلسل ذہنی و جذباتی اذیت میں مبتلا رکھنا بھی اسی مفہوم سے مناسبت رکھتا ہے۔

انسانی زندگی میں بعض اوقات سب سے گہرا زخم کسی جسمانی ضرب سے نہیں، بلکہ کسی کے سخت لہجے، تحقیر آمیز الفاظ اور ناشائستہ رویّے سے لگتا ہے۔ گھر ہو یا معاشرہ، رشتے دار ہوں یا ہمسائے، دفتر ہو یا کوئی دینی و سماجی ادارہ، ہر جگہ انسان کو دوسروں کے احترام، عزتِ نفس اور جذبات کا خیال رکھنا چاہیے۔

تصور کیجیے کہ ایک عمر رسیدہ شخص نے برسوں اپنے خاندان کی خدمت کی ہو، اپنے بچوں کی پرورش میں زندگی صرف کر دی ہو، لیکن بڑھاپے میں اسے اپنے ہی کسی عزیز کی طرف سے سخت اور توہین آمیز الفاظ سننے کو ملیں۔ کوئی اس کی عمر کا لحاظ نہ کرے، اس کی قربانیوں کو فراموش کر دے اور بار بار اس کی تضحیک کرے، تو اس کے دل پر کیا گزرے گی؟

اسی طرح، اگر کوئی کارکن کسی تحریک، ادارے یا تنظیم کے لیے دن رات محنت کرتا ہو، اپنی صلاحیتیں صرف کرتا ہو اور پھر کوئی ذمہ دار شخص اس کی تمام خدمات کو نظرانداز کرتے ہوئے اسے سب کے سامنے یہ کہہ دے کہ ’’یہ کیا تماشا بنا رکھا ہے؟‘‘ تو اس کے دل کو شدید صدمہ پہنچ سکتا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ بظاہر خاموش رہے، لیکن اندر ہی اندر اس کی ہمت ٹوٹ جائے اور اس کے دل میں اپنی تمام محنت بے قدر ہونے کا احساس پیدا ہو جائے۔ ایسی صورتِ حال میں بعض لوگ اپنا دفاع کر لیتے ہیں، لیکن بعض کمزور یا بے بس افراد خاموشی سے سب کچھ برداشت کرتے رہتے ہیں۔ وہ شکستہ دل ہو کر واپس لوٹتے ہیں، تنہائی میں آنسو بہاتے ہیں اور اپنے رب کے حضور فریاد کرتے ہیں کہ یا اللہ! کیا میری محنت اور قربانیوں کا یہی صلہ تھا؟ یہی وہ مقام ہے جہاں ہمیں رسول اللہ ﷺ کی رحمت، شفقت اور امت کے ساتھ آپ کی بے مثال محبت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات ہمیں یہ احساس دلاتی ہیں کہ انسان کی عزتِ نفس، اس کے جذبات اور اس کی تکلیف کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔

رسول اللہ ﷺ اپنی امت کے لیے مہربان ہیں:

اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں رسول اللہ ﷺ کی امت کے ساتھ بے مثال شفقت اور رحمت کو ان الفاظ میں بیان فرمایا ہے:

﴿لَقَدْ جَاءَكُمْ رَسُولٌ مِنْ أَنْفُسِكُمْ عَزِيزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِيصٌ عَلَيْكُمْ بِالْمُؤْمِنِينَ رَءُوفٌ رَحِيمٌ﴾ [التوبة، 9/ 128]

’’بے شک تمہارے پاس تم میں سے (ایک باعظمت) رسول ﷺ تشریف لائے۔ تمہارا تکلیف و مشقت میں پڑنا ان پر سخت گراں (گزرتا) ہے۔ (اے لوگو!) وہ تمہارے لیے (بھلائی اور ہدایت کے) بڑے طالب و آرزو مند رہتے ہیں (اور) مومنوں کے لیے نہایت (ہی) شفیق بے حد رحم فرمانے والے ہیں‘‘

اس آیتِ مبارکہ میں رسول اللہ ﷺ کی شفقت کا ایک نہایت لطیف اور دل نشین پہلو بیان ہوا ہے۔ عَزِيزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ کا مطلب یہ ہے کہ تمہارا تکلیف اور مشقت میں مبتلا ہونا آپ ﷺ پر بہت گراں گزرتا ہے۔ آپ ﷺ اپنی امت کو پریشانی میں دیکھنا پسند نہیں فرماتے، بلکہ ان کی بھلائی، ہدایت اور فلاح کے خواہش مند ہیں۔

یہ آیت ہمیں رسول اللہ ﷺ کی رحمت و شفقت کا وہ عظیم تصور عطا کرتی ہے جس میں امت کی تکلیف کو اہمیت دی گئی ہے۔ آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ایک سچا رہنما وہ نہیں جو لوگوں سے صرف خدمت لے، بلکہ وہ ہے جو ان کی مشکلات کو سمجھے، ان کے دکھ درد میں شریک ہو، ان کی عزتِ نفس کی حفاظت کرے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرے۔ چنانچہ جب کوئی انسان ظلم، تحقیر یا بے قدری کے باعث شکستہ دل ہو جائے، تو اسے اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ اسے اپنے رب کی طرف رجوع کرنا چاہیے، دعا اور صبر سے مدد لینی چاہیے اور رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات میں تسلی اور رہنمائی تلاش کرنی چاہیے۔

رسول اللہ ﷺ کی امت سے محبت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ آپ ﷺ اپنی امت کی بھلائی اور ہدایت کے حریص ہیں۔ اسی لیے آپ ﷺ کی سیرت ہمیں یہ اخلاقی ذمہ داری سکھاتی ہے کہ ہم دوسروں کی تکلیف کا احساس کریں، ان کی کمزوریوں سے ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں اور اپنے الفاظ و اعمال سے کسی کے لیے اذیت کا سبب نہ بنیں۔

ایک اور روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:

فَمَا رَأَيْتُ مِنْ خَيْرٍ حَمِدْتُ اللهَ عَلَيْهِ.

’’اگرمیں تمہاری نیکی دیکھتا ہوں تو خدا کے حضور شکر گزار ہوتا ہوں۔ ‘‘

(بزار، المسند، جلد5، ص 309، رقم: 1925)

خلاصۂ کلام:

جو شخص دوسروں کی مشقت کم کرتا ہے، ان کے دلوں کو جوڑتا ہے اور ان کی عزتِ نفس کی حفاظت کرتا ہے، وہ رحمت، شفقت اور حُسنِ اَخلاق کی ان نبوی تعلیمات پر عمل کرتا ہے جن کی معاشرے کو ہر دور میں ضرورت رہتی ہے۔

بلاگر: ڈاکٹر محمد اِقبال چشتی (سینئر ریسرچ اسکالر)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top