اولاد کی دینی و اَخلاقی تربیت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
دعوتِ دین کا آغاز اپنی ذات کی اِصلاح سے ہوتا ہے: شیخ الاسلام کا خطاب
نئی نسل کے ایمان کا تحفظ صرف علماء کی نہیں، والدین سمیت پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس کا آغاز اپنی ذات کی اصلاح اور اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت سے ہوتا ہے، کیونکہ حقیقی دینی وابستگی محض زبانی دعوے سے نہیں، بلکہ دین کو اپنی گفتگو، ترجیحات اور عملی زندگی کا حصہ بنانے سے پروان چڑھتی ہے۔
گھروں میں فکرِ دین کا اِحیاء:
مجدّد المئۃ الحاضرۃ حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیۃنے بیان کرتے ہوئے کہا کہ: آج صورتِ حال یہ ہے کہ لوگوں نے اپنے اور اپنے بچوں کے دین و ایمان کی ذمہ داری مساجد کے ائمہ، خطباء، علماء اور دینی مراکز کے ذمہ داران پر چھوڑ رکھی ہے۔ لوگ ایک ماہ، دو ماہ یا تین مہینے بعد مرکز کی سرگرمیوں میں رسمی طور پر شرکت کر لیتے ہیں، لیکن اس سے زندگی میں کوئی نمایاں تبدیلی پیدا نہیں ہوتی۔ محض اداروں کی سرگرمیوں میں شرکت کافی نہیں، بلکہ ضروری ہے کہ ہم اپنے گھروں کو بھی علم، تربیت، ادب اور دینی شعور کے مراکز بنائیں۔
آپ کا گھر بھی ’’منہاج القرآن‘‘ کا ایک چھوٹا سا مرکز بن سکتا ہے۔ اپنے گھروں میں گوشۂ درود قائم کریں، حلقۂ درود کا اہتمام کریں اور روزانہ کم از کم آدھے گھنٹے کا وقت دین کے لیے مخصوص کریں۔ ہفتے کے اختتام پر اس وقت میں مزید اضافہ کریں۔ گھر کے تمام افراد مل بیٹھیں، قرآنِ مجید کی تلاوت کریں، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پڑھیں، درود و سلام کا ورد کریں اور بچوں کو بھی ان سرگرمیوں کی ترتیب و تنظیم میں شریک کریں۔ کسی مستند دینی کتاب سے چند صفحات پڑھیں، احادیثِ مبارکہ اور سیرتِ نبوی ﷺ کا مطالعہ کریں اور جو کچھ پڑھا جائے، اسے سمجھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کریں۔
بڑے بہن بھائی چھوٹے بچوں کو ان کی عمر اور فہم کے مطابق دین کی باتیں سمجھائیں۔ اردو اور انگریزی، دونوں زبانوں میں دستیاب مستند دینی مواد سے استفادہ کریں۔ قرآنِ مجید کی آیات کا ترجمہ پڑھیں، احادیثِ مبارکہ کے مفاہیم سمجھائیں اور مختصر بیانات کے ذریعے بچوں کی اخلاقی و دینی تربیت کریں۔ گھر کے افراد کے لیے ایسی باقاعدہ مجلس کا اہتمام کریں جس میں علم، محبت، ادب اور فکرِ آخرت کو فروغ حاصل ہو۔ اسی طرح نمازوں کے اوقات میں گھر کے افراد کو باجماعت نماز کی ترغیب دیں۔ جب بچے اپنے والدین اور بڑے بہن بھائیوں کو نماز کا اہتمام کرتے دیکھیں گے تو ان کے اندر بھی نماز کی محبت اور پابندی پیدا ہوگی۔ دین کی تعلیم محض نصیحتوں سے نہیں، بلکہ عملی نمونے، مسلسل توجہ اور گھریلو ماحول سے دلوں میں راسخ ہوتی ہے۔
منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن کی تنظیمی سرگرمیوں کا مقصد صرف ادارے قائم کرنا یا ان کی تقریبات میں شرکت کرنا نہیں، بلکہ افراد کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی پیدا کرنا بھی ہے۔ تنظیم سے وابستگی کا تقاضا یہ ہے کہ ہر فرد اپنی ذاتی زندگی، اپنے گھر اور اپنے خاندان میں دین کی تعلیمات کو عملی طور پر نافذ کرنے کی کوشش کرے۔ ویمن لیگ کی ہر بہن اپنے گھر کو ایک چھوٹے سے حلقۂ علم و تربیت میں تبدیل کرے، جہاں خاندان کے تمام افراد باقاعدگی سے جمع ہوں اور دین سیکھنے، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کا ماحول پیدا ہو۔
خواہ گھر کے افراد ملازمت سے واپس آنے کے بعد ہی وقت نکال سکیں، لیکن انہیں چاہیے کہ اپنے روزمرہ معمولات میں سے کچھ وقت اس مقصد کے لیے ضرور مختص کریں۔ اس نشست میں تلاوتِ قرآنِ مجید، ترجمۂ قرآن، مطالعۂ حدیث، سیرتِ نبوی ﷺ ، نعت خوانی اور مختصر دینی گفتگو کا اہتمام کیا جائے۔ بچوں کو بھی اس مجلس میں فعال کردار دیا جائے تاکہ وہ محض سننے والے نہ رہیں، بلکہ دین سیکھنے اور اسے اپنی زندگی کا حصہ بنانے والے بنیں۔
اپنی مجالس کا محاسبہ کرنا:
ہماری زندگی کا ایک بڑا حصہ رسم و رواج اور رسمی سرگرمیوں میں گزر جاتا ہے۔ ہمیں خود سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ جب ہم کسی مجلس میں اکٹھے بیٹھتے ہیں تو ہماری گفتگو کا کتنا حصہ دین، آخرت، اَخلاقی اصلاح، کردار سازی اور دعوتِ دین کے لیے مخصوص ہوتا ہے؟ ہماری گفتگو میں منہاج القرآن کے مشن، دینی تعلیمات اور اپنی اصلاح و تربیت کا کتنا ذکر ہوتا ہے؟ ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ہماری مجالس میں غیبت، چغلی، باہمی اختلافات اور دوسروں کے نجی معاملات پر گفتگو میں کتنا وقت صرف ہوتا ہے، اور اس کے مقابلے میں نماز کی پابندی، حُسنِ اخلاق، حقوق العباد اور آخرت کی تیاری جیسے موضوعات کو کتنی اہمیت دی جاتی ہے۔ اگر ہماری نشستوں میں زیادہ تر گفتگو لوگوں کے ذاتی معاملات کے گرد گھومتی رہے اور دین ہماری گفتگو کا حصہ ہی نہ بنے تو ہمیں اپنے طرزِ عمل پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ اپنی مجالس اور روزمرہ گفتگو کا جائزہ لے اور یہ طے کرے کہ آئندہ اپنی نشستوں میں دین کی تعلیم، اخلاقی تربیت اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے کتنا وقت مختص کرے گا۔ حقیقی دینی وابستگی اسی وقت پیدا ہوتی ہے جب دین ہماری گفتگو، ترجیحات اور عملی زندگی کا مستقل حصہ بن جائے۔
فکرِ دین کا دائرہ اپنے گھر سے معاشرے تک وسیع کریں:
دین کا درد اور فکر صرف اپنی ذات تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ انسان کو اپنی اصلاح کے ساتھ اپنے خاندان، عزیز و اَقارب اور اپنی پوری برادری کی دینی و اخلاقی بہتری کی فکر بھی کرنی چاہیے۔ جن لوگوں تک ہماری بات پہنچ سکتی ہے، جن کی رہنمائی ہم کر سکتے ہیں اور جن کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے ہم کوئی مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں، وہ بھی ہماری ذمہ داری کے دائرے میں آتے ہیں۔
اس لیے ضروری ہے کہ ہم دین کی دعوت کو محض تقریبات، اجتماعات اور تنظیمی سرگرمیوں تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اسے اپنے گھروں، خاندانوں اور معاشرتی تعلقات میں زندہ کریں۔ جب ہر گھر علم و تربیت کا مرکز بنے گا، ہر خاندان میں دین سیکھنے اور اس پر عمل کرنے کا ماحول پیدا ہوگا، اور ہر فرد اپنی اصلاح کے ساتھ دوسروں کی اصلاح کی فکر کرے گا، تبھی دینی جدوجہد کے حقیقی ثمرات سامنے آئیں گے۔ اصل کامیابی یہ نہیں کہ ہم صرف دینی اجتماعات میں شریک ہوں، بلکہ یہ ہے کہ ہماری ذات، ہمارے گھر اور ہمارے تعلقات دین کی تعلیمات کے عملی مظہر بن جائیں۔ یہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے فکرِ دین نسل در نسل منتقل ہوتی ہے اور معاشرے میں علم، اخلاق، محبت، ذمہ داری اور کردار سازی کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے۔
دعوتِ دین کے تین درجات:
شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ: دعوتِ دین کے تین بنیادی دائرے ہیں۔ پہلا دائرہ اپنی ذات کی اصلاح، دوسرا اپنے اہل و عیال کی تربیت اور تیسرا وسیع تر معاشرے تک دین کی دعوت پہنچانا ہے۔ ان تینوں دائروں کی روشنی میں ہر شخص کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو کس حد تک پورا کر رہا ہے۔
پہلا دائرہ: اپنی ذات کی اصلاح
دعوت کا پہلا مرحلہ یہ ہے کہ انسان سب سے پہلے اپنی ذات کو دین کی دعوت دے، اپنے اندر تبدیلی پیدا کرے، دین کو اپنی زندگی میں داخل کرے اور اس کی تعلیمات پر عملی طور پر کاربند ہو۔ محض دوسروں کو نصیحت کرنا کافی نہیں، بلکہ ضروری ہے کہ انسان خود بھی دین پر عمل کرے اور اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرے۔ اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں ارشاد فرماتا ہے:
﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا قُوا أَنْفُسَكُمْ وَأَهْلِيكُمْ نَارًا﴾
’’اے ایمان والو! اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو آگ سے بچاؤ۔‘‘ [التحريم : 6]
اس آیتِ مبارکہ میں سب سے پہلے اپنی ذات اور پھر اپنے اہل و عیال کو جہنم کی آگ سے بچانے کی ذمہ داری بیان کی گئی ہے۔ اس کا تقاضا یہ ہے کہ انسان خود بھی نیکی اختیار کرے اور اپنے گھر والوں کی دینی و اخلاقی تربیت کا بھی اہتمام کرے۔
دوسرا دائرہ: اہل و عیال کی اصلاح و تربیت
دعوت کا دوسرا دائرہ اپنے اہل و عیال پر مشتمل ہے، جس کے بھی دو حصے ہیں: ایک قریبی دائرہ، جس میں بیوی، شوہر اور بچے شامل ہیں، اور دوسرا وسیع دائرہ، جس میں خاندان کے دیگر افراد اور قریبی رشتہ دار شامل ہوتے ہیں۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اولاد کو جہنم کی آگ سے بچانے کے لیے ان کی دینی تعلیم، اخلاقی تربیت اور عملی اصلاح پر توجہ دیں۔ اگر کوئی شخص خود نیک زندگی گزار رہا ہو، لیکن اپنے اہل و عیال کی تربیت سے غفلت برتے، تو وہ اپنی اس ذمہ داری کے بارے میں اللہ تعالیٰ کے سامنے جواب دہ ہوگا۔
You are not going to be released from your responsibility. You will be questioned if you do not protect yourself from the Hellfire. You will also be asked if you fail to protect your family and children. Every single member of your family is your responsibility, and you will be answerable to Almighty Allah.
یہ ذمہ داری صرف علماء، خطباء یا دینی اسکالرز پر نہیں ڈالی جا سکتی۔ ہر والد اور والدہ اپنی اپنی حیثیت اور استطاعت کے مطابق اپنے بچوں اور گھر والوں کی تربیت کے ذمہ دار ہیں۔
Every parent, both father and mother, is responsible within their own capacity.
تیسرا دائرہ: معاشرے تک دعوتِ دین پہنچانا:
دعوت کا تیسرا دائرہ خاندان سے آگے بڑھ کر معاشرے تک پھیلتا ہے۔ ہر مسلمان کو اپنی استطاعت، علم اور صلاحیت کے مطابق دوسروں تک دین کی تعلیمات پہنچانے اور نیکی کی ترغیب دینے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
﴿ادْعُ إِلَى سَبِيلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ﴾
’’اپنے رب کے راستے کی طرف حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ بلائیے۔‘‘ [النحل : 125]
اس آیتِ مبارکہ میں دعوتِ دین کا حکم دیا گیا ہے۔ دعوت کا کام صرف علماء اور دینی اسکالرز تک محدود نہیں، اگرچہ علمائے کرام اس میدان میں خصوصی کردار ادا کرتے ہیں۔ ہر مسلمان اپنی استطاعت کے مطابق اپنے گھر، خاندان اور معاشرے میں نیکی، اخلاق اور دینی شعور کو فروغ دینے کی کوشش کرے۔
Every single person in the Muslim community has a responsibility to invite others to the way of Allah, as guided by this Quranic verse.
ان تینوں دائروں کی روشنی میں ہر شخص کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیے کہ وہ اپنی اصلاح، اپنے اہل و عیال کی تربیت اور معاشرے میں دعوتِ دین کے حوالے سے کس حد تک اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔
ہر گھر کو مرکزِ دعوت بنائیے:
شیخ الاسلام نے کہا کہ؛ اپنے گھر کو دعوت، علم اور تربیت کا مرکز بنانا ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ یہ مناسب نہیں کہ ہم اپنی اور اپنے بچوں کی دینی تربیت کی تمام تر ذمہ داری مسجد کے امام، خطیب، عالم یا کسی دینی ادارے پر چھوڑ دیں۔ مساجد، مراکز اور دینی اجتماعات یقیناً اہم ہیں، لیکن ایک ماہ یا دو مہینے بعد ہونے والی کسی مجلس یا پروگرام میں رسمی شرکت گھر کی مسلسل تربیت کا متبادل نہیں بن سکتی۔
ضروری ہے کہ ہر گھر میں ایک وقت مقرر کیا جائے جس میں خاندان کے تمام افراد جمع ہوں۔ نمازوں کے اوقات کو بھی اس معمول کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ بچوں، بیٹیوں اور گھر کے دیگر افراد کو اس مجلس میں شریک کیا جائے۔ اگر شادی شدہ بیٹیاں الگ گھروں میں رہتی ہیں تو وہ بھی اپنے اپنے گھروں میں اس معمول کو قائم کریں۔ اگر کسی کے پاس کسی مرکز یا پروگرام میں جانے کے لیے وقت نہیں تو کم از کم اپنے گھر میں آدھے گھنٹے کی ایک نشست ضرور منعقد کی جا سکتی ہے۔ گھر میں تین یا چار افراد ہوں یا اس سے زیادہ، اس سے فرق نہیں پڑتا؛ اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ یہ نشست باقاعدگی سے ہو اور اس کا مقصد واضح ہو۔
اس مجلس میں قرآنِ مجید کی تلاوت، ترجمہ، مختصر دینی خطاب، احادیثِ مبارکہ کا مطالعہ اور اخلاقی تربیت کا اہتمام کیا جائے۔ بچوں سے ان کے حالات پوچھے جائیں، ان کی بات سنی جائے، انہیں ادب، احترام، سچائی، نماز کی پابندی اور حسنِ اخلاق کی تعلیم دی جائے۔ خاندان کے افراد کو نیکی کی ترغیب دی جائے اور ان کے اندر دین پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا کیا جائے۔ اس طرح ہر گھر ایک چھوٹے سے حلقۂ علم و تربیت میں تبدیل ہو سکتا ہے، جہاں دین کی تعلیم صرف سنی نہ جائے، بلکہ اسے سمجھا جائے، اس پر عمل کیا جائے اور اگلی نسل تک منتقل کیا جائے۔
بلاگر: ڈاکٹر محمد اِقبال چشتی (سینئر ریسرچ اسکالر)


















تبصرہ