دوسرے مذاہب کے فکری واختلافی مسائل کو اپنے دین پر منطبق کرنا علمی دیانت نہیں: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

ہمیں اپنی زندگیوں، رویّوں اور ترجیحات کو اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالنے کی ضرورت ہے:صدر منہاج القرآن

مسلمانوں کی موجودہ پسماندگی کا ذمہ دار اسلام ہے یا خود مسلمانوں کے رویّے، ترجیحات اور عملی کوتاہیاں؟ کیا دوسرے مذاہب کے فکری و تاریخی اختلافات کو اپنے دین پر منطبق کرنا علمی دیانت ہے؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ مذہب کو اس کے حقیقی تناظر میں سمجھا جائے، اسلام کی روشن علمی و تہذیبی تاریخ کا ازسرِ نو مطالعہ کیا جائے اور یہ حقیقت تسلیم کی جائے کہ اسلام ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، بلکہ ترقی، تحقیق اور تعمیرِ انسانیت کا سرچشمہ ہے۔ اصل ضرورت اسلام کو بدلنے کی نہیں، بلکہ اپنی زندگیوں کو اس کی حقیقی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ہے۔

تصورِ مذہب اور وجودِ باری تعالیٰ:

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: جب کوئی شخص یہ کہتا ہے کہ مذہب ہمارے لیے فائدہ مند ہے یا نقصان دہ، مذہب جنگوں کی بنیاد ہے، مذہب دقیانوسی سوچ کا نام ہے، یہ ہمیں ترقی سے روکتا ہے یا سائنس کے خلاف ہے، تو ایسی باتوں کا جواب جذبات کی بجائے تاریخ، عقل اور علمی شواہد کی روشنی میں دینا چاہیے۔

اس سلسلے میں سب سے پہلے انسانی تاریخ کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ دنیا میں کوئی بھی فکر، نظریہ یا تصور اپنی بنیاد اور تاریخی پس منظر کے بغیر وجود میں نہیں آتا۔ آج انسانی ذہن میں پائے جانے والے افکار و نظریات کی بھی کوئی نہ کوئی فکری، تاریخی اور تہذیبی بنیاد ضرور موجود ہے۔ انسانی فکر کی دستاویزی تاریخ (Written History) کا مطالعہ ہمیں یہ بتاتا ہے کہ مختلف ادوار میں انسان نے مذہب، کائنات، خالق اور حقیقتِ مطلقہ کے بارے میں مسلسل غور و فکر کیا ہے۔ آثارِ قدیمہ، تاریخی دستاویزات اور تہذیبی شواہد اس فکری تسلسل کی گواہی دیتے ہیں۔

اگر ہم قدیم مذاہب کی تاریخ کا جائزہ لیں تو ہندو مت، بدھ مت، جین مت، یہودیت اور مسیحیت سمیت مختلف مذاہب کے تصورات انسانی تاریخ میں نمایاں طور پر موجود رہے ہیں۔ ان مذاہب کے عقائد، تصورات اور مذہبی روایات مختلف ہونے کے باوجود ایک اہم پہلوان میں مشترک دکھائی دیتا ہے، اور وہ ہے کسی ایسی برتر حقیقت کا تصور جو انسانی مشاہدے اور مادی کائنات سے ماورا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تقریبًا اَڑھائی ہزار سال قدیم بدھ مت کی بعض مذہبی و فکری روایات میں بھی ایک ایسی ماورائی حقیقت کی تلاش کا تصور ملتا ہے جو ظاہری دنیا سے بلند تر ہے۔ اسی طرح ہندو مت کی قدیم مذہبی روایت میں بھی ایک اعلیٰ اور برتر حقیقت کا تصور موجود ہے، اگرچہ اس حقیقت کی تعبیر اور اس سے وابستہ تصورات مختلف صورتوں میں سامنے آتے ہیں۔ ان روایات میں انسان کو کائنات کی ظاہری حقیقت سے آگے بڑھ کر اس کے باطنی اور ماورائی پہلو کو سمجھنے کی دعوت دی گئی ہے۔

اسی طرح ابراہیمی مذاہب، یعنی یہودیت، مسیحیت اور اسلام، میں تصورِ خدا اور حقیقتِ الٰہیہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان تینوں مذاہب میں خدا کے وجود اور اس کی حاکمیت کا تصور مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اگرچہ مسیحیت میں تصورِ خدا کی تعبیر نے ایک الگ مذہبی و اعتقادی صورت اختیار کی، تاہم خدا کی ذات اور الوہیت کا تصور وہاں بھی بنیادی عقائد میں شامل رہا ہے۔ جبکہ اسلام نے عقیدۂ توحید کو اپنی اصل اور بنیاد قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کو نہایت واضح اور غیر مبہم انداز میں پیش کیا ہے۔

لہٰذا انسانی تاریخ کا مطالعہ یہ واضح کرتا ہے کہ مذہب اور ماورائی حقیقت کا تصور انسانی فکر کے ارتقاء میں ایک مستقل اور گہرا موضوع رہا ہے۔ مذہب کو محض دقیانوسی سوچ، جنگوں کی بنیاد یا سائنسی ترقی کی رکاوٹ قرار دینا ایک ایسا یک طرفہ نقطۂ نظر ہے جو انسانی تہذیب، تاریخ اور فکری ورثے کے وسیع مطالعے کا متقاضی ہے۔ کسی نظریے پر تنقید کرنے سے پہلے اس کی اصل، تاریخی پس منظر اور فکری بنیادوں کو سمجھنا ضروری ہے۔

نوجوانوں کا فکری بحران اور اُس کی بنیادی وجہ؟

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ: اگر ہم انسانی تاریخ کے دستاویزی ریکارڈ اور قدیم مذہبی لٹریچر کا مطالعہ کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ مختلف مذاہب کی بنیادی کتابوں میں بھی کسی نہ کسی صورت میں ایک برتر حقیقت، خالقِ کائنات اور اس کی تلاش کا تصور موجود رہا ہے۔ مثال کے طور پر ہندو مت کی بنیادی مذہبی کتابوں میں چار ویدوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جن سے آگے چل کر اس مذہب کا وسیع مذہبی و فکری لٹریچر تشکیل پایا۔ ان ویدوں میں بھی خدا کی معرفت، کائنات کے خالق کی تلاش اور اس کے سامنے جواب دہی جیسے موضوعات زیرِ بحث آتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انسانی فکر میں حقیقتِ مطلقہ اور خالقِ کائنات کی جستجو ایک قدیم اور مسلسل موضوع رہی ہے۔

گویا مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے بنیادی فکری ذخیرے میں اس حقیقت کی تلاش کسی نہ کسی انداز میں موجود رہی ہے۔ اس لیے یہ تصور کرنا درست نہیں کہ مذہب سے بے نیازی یا خدا کے وجود سے انکار انسانی تاریخ کا کوئی قدیم اور متفقہ فکری رجحان رہا ہے۔ اس نوعیت کے نظریات کو سمجھنے کے لیے ان کے تاریخی اور فکری پس منظر کا مطالعہ ضروری ہے۔

سوشل میڈیا پر مذہبی اقدار ۧکا تمسخر:

آج ہمارے معاشرے میں مذہب کے خلاف پیدا ہونے والے بعض رویوں کو سوشل میڈیا نے بھی غیر معمولی تقویت دی ہے۔ بالخصوص نوجوان نسل مختلف میمز (Memes)، اسٹینڈ اَپ کامیڈی (Stand-up Comedy)، تفریحی شوز اور مختصر ویڈیوز دیکھتی ہے، جن میں بسا اوقات غیر محسوس انداز میں مذہب، مذہبی اقدار اور مذہبی شخصیات یا طبقات کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔

مسئلہ یہ ہے کہ انسان مسلسل جس طرزِ فکر اور طرزِ گفتگو سے گزرتا ہے، رفتہ رفتہ اس کے اثرات قبول کرنے لگتا ہے۔ چنانچہ جب ہم دوسری تہذیبوں کے مذہبی تصورات اور ان کے مذہبی لٹریچر پر ہونے والی تنقید یا تمسخر کو دیکھتے ہیں تو بعض اوقات غیر شعوری طور پر اسے اپنے مذہب اور اپنی دینی روایات پر بھی لاگو کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ حالانکہ مختلف مذاہب کی مذہبی کتابوں، تاریخی روایات اور عقائد کے مابین بنیادی نوعیت کا فرق موجود ہے۔

بعض مذہبی روایات میں ان کی کتابوں کے متن، تاریخی انتقال یا عقائد کی تشریحات کے حوالے سے ایسے سوالات پیدا ہوئے جنہوں نے ان کے ماننے والوں کو تنقیدی مطالعے کی طرف متوجہ کیا۔ لیکن ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ کسی دوسرے مذہب کے ماننے والوں کے تجربات، اعتراضات اور فکری مسائل کو بلا تحقیق اپنے دین پر منطبق کرنا درست نہیں۔ ہر مذہب کی اپنی تاریخ، اپنی کتاب اور اپنی علمی بنیادیں ہیں۔

اسلامی عقیدے کے مطابق قرآن مجید وہ آخری آسمانی کتاب ہے جس کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے خود لی ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

﴿إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ﴾

’’بے شک ہم نے ہی یہ ذکر (قرآن) نازل کیا ہے اور یقیناً ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔ ‘‘ [الحجر : 9]

لہٰذا قرآن مجید اور دیگر مذہبی کتابوں کی تاریخ کو ایک ہی پیمانے پر پرکھنا علمی دیانت کے منافی ہے۔ افسوس کہ ہم نے سوشل میڈیا پر دوسری قوموں کو اپنے اپنے مذاہب کا تمسخر اڑاتے دیکھا تو بعض اوقات خود بھی اسی روش کو اختیار کر لیا اور اپنے دین کے بارے میں بھی وہی رویہ اپنانے لگے۔ حالانکہ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہماری دینی بنیادیں، ہمارا مذہبی ورثہ اور ہماری کتابِ الٰہی ایک الگ علمی و اعتقادی حقیقت رکھتے ہیں۔ دوسروں کے فکری مسائل کو اپنی مذہبی شناخت پر لاگو کرنا اور پھر اسی بنیاد پر اپنے دین کو بھی مذاق کا موضوع بنا لینا کسی طور مناسب نہیں۔

دوسری اہم بات جسے ہمیشہ پیشِ نظر رکھنا چاہیے، وہ یہ ہے کہ آج اگر ہم مسلمانوں کی مجموعی صورتِ حال کا جائزہ لیں تو ہمیں معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام، علمی پسماندگی، جنگ و جدال، قتل و غارت اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں زبوں حالی دکھائی دیتی ہے۔ مسلمان دنیا کے متعدد خطوں میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ اب اگر کوئی شخص ان حالات کو دیکھ کر یہ نتیجہ اخذ کرے کہ شاید اسلام ہی ہماری کمزوری اور پسماندگی کا سبب ہے تو اسے تاریخ کے آئینے میں اپنے اس تصور کا جائزہ لینا چاہیے۔

یہی اسلام تھا جس کی تعلیمات کی روشنی میں مسلمانوں نے صدیوں تک علم و تحقیق، سائنس، طب، فلسفہ، ریاضی، سیاست، معیشت اور تہذیب و تمدن کے میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ایک طویل تاریخی دور میں دنیا کے مختلف خطوں سے علم کے متلاشی مسلم علمی مراکز کی طرف رجوع کرتے تھے۔ اس وقت بھی مسلمانوں کا مذہب یہی اسلام تھا۔ یہی قرآن تھا اور یہی دینی تعلیمات تھیں، جنہوں نے انہیں علم، تحقیق، جستجو اور ترقی کا راستہ دکھایا تھا۔

تو پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر یہی اسلام ماضی میں علمی ترقی، تہذیبی عروج اور انسانی فلاح کا محرک بن سکتا تھا تو آج اسے مسلمانوں کی پسماندگی کا ذمہ دار کیوں قرار دیا جا رہا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ مسئلہ اسلام کی تعلیمات میں نہیں، بلکہ ان تعلیمات سے ہمارے انحراف، ہمارے رویوں، ہماری ترجیحات اور ہماری علمی و عملی کمزوریوں میں ہے۔

اسلام نے ہمیں علم حاصل کرنے، تحقیق کرنے، عدل قائم کرنے، محنت کرنے، انسانی حقوق کا تحفظ کرنے اور معاشرے کی تعمیر کرنے کی تعلیم دی، لیکن جب ہم نے ان اصولوں کو اپنی عملی زندگی سے دور کر دیا تو زوال نے ہمیں آ گھیرا۔ آج اگر ہم معاشی، سیاسی اور علمی میدانوں میں ترقی یافتہ قوموں کے محتاج ہیں تو ہمیں دوسروں کو موردِ الزام ٹھہرانے کے بجائے اپنے طرزِ عمل، اپنی ترجیحات اور اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ اسلام کے دامن میں کوئی کمی نہیں؛ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اسلام کی حقیقی تعلیمات کو سمجھیں، انہیں اپنی زندگیوں میں نافذ کریں اور علم و تحقیق کے میدان میں اپنی کھوئی ہوئی شناخت دوبارہ حاصل کریں۔

بلاگر: ڈاکٹر محمد اِقبال چشتی (سینئر ریسرچ اسکالر)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top