معاشرتی استحکام کےلئےبرداشت اور رواداری کو فروغ دینا ہو گا: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
قرآن حکیم کی تعلیمات کو انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنایا جائے
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل کا یونان (ایتھنز) میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب

لاہور (29 اکتوبر 2026) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ موجودہ معاشرتی حالات میں اخلاقی اقدار کے فروغ، معاشرتی اصلاح، باہمی احترام اور امن و رواداری کے قیام کے لیے قرآنی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرنا ناگزیر ہے۔ بہترین امت ہونا تقاضا کرتاہے کہ مسلمان نیکی کو فروغ دیں، برائی کی روک تھام کریں اور اپنے کردار سے اسلامی تعلیمات کی عملی تصویر پیش کریں۔ معاشرے میں پھیلتی ہوئی اخلاقی بے راہ روی، عدم برداشت اور باہمی اختلافات کے خاتمے کے لیے قرآنِ مجید کی تعلیمات کو انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایتھنز (یونان) اسلامی مرکز میں تحریک منہاج القرآن یونان کے زیرِاہتمام تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سورۃ آل عمران کی آیت 110 کی روشنی میں امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعوتِ دین کا مؤثر طریقہ حسنِ اخلاق، حکمت، اخلاص اور عملی کردار ہے۔ کارکنان اپنی زندگیوں میں اسلامی تعلیمات نافذ کریں اور اپنے عمل سے معاشرے میں محبت، رواداری، خدمتِ انسانیت اور ذمہ داری کے احساس کو فروغ دیں۔ اسلام کا پیغام انسانوں کی اصلاح، معاشرتی بھلائی اور اخلاقی تربیت کا پیغام ہے۔
انہوں نے تنظیمی نظم و ضبط، اتحاد اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مقصد کے لیے اخلاص کے ساتھ کام کرنا اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنا کسی بھی تحریک کی کامیابی کے بنیادی اصول ہیں۔ کارکنان کی فکری و عملی تربیت معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے اور نئی نسل کی اخلاقی و دینی رہنمائی کے لیے بھی اہم ہے۔
تربیتی ورکشاپ میں منہاج یورپین کونسل کے جنرل سیکرٹری حسن بوستان اور جوائنٹ سیکرٹری عامر صادق نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر منہاج القرآن یونان کے بانی و امیر غلام مرتضیٰ قادری، ڈائریکٹر اسلامک سنٹر علامہ حافظ محمد نواز حضروی، جنرل سیکرٹری چوہدری شہزاد یوسف، صدر ارسلان خرم چیمہ، قومی و مقامی ایگزیکٹو کونسلز کے عہدیداران، کارکنان اور وابستگان بھی موجود تھے۔ تربیتی ورکشاپ کے دوران نئے اراکین غلام خالق چیمہ، محمد یامین اور پرویز احمد مغل و دیگر میں ممبرشپ سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، نمایاں تنظیمی خدمات انجام دینے والے کارکنان کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ صدر ارسلان خرم چیمہ نے تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے یونان میں جاری دعوتی، تربیتی اور تنظیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔


















تبصرہ