اُستاد نوجوان ذہنوں کی آبیاری، کردار کی تعمیر اور نسلوں کی فکری و اَخلاقی نشوونما کرتا ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

تعلیم کا مقصد صرف ڈگری یافتہ اَفراد پیدا کرنا نہیں، بلکہ باشعور، باکردار اور ذمہ دار انسان تیار کرنا ہے:صدر منہاج القرآن
قومیں صرف تعلیمی اداروں اور نصاب سے نہیں بلکہ اُستاد کے کردار، والدین کی تربیت اور معاشرے میں احترامِ انسانیت کے فروغ سے تشکیل پاتی ہیں: صدر منہاج القرآن

استاد کسی بھی قوم کی فکری و اخلاقی تعمیر کا بنیادی معمار ہوتا ہے، مگر آج ہمارے معاشرے میں استاد کے احترام کا رشتہ کمزور کیوں پڑتا جا رہا ہے؟ کیا اس کی ذمہ داری صرف طلبہ پر عائد ہوتی ہے یا اساتذہ، والدین اور تعلیمی ادارے بھی اس کے ذمہ دار ہیں؟ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ تعلیم کا مقصد محض ڈگریاں بانٹنا نہیں، بلکہ باشعور، باکردار اور ذمہ دار انسان تیار کرنا ہے، کیونکہ قوموں کا مستقبل عمارتوں اور نصاب سے نہیں، بلکہ اساتذہ کے کردار، والدین کی تربیت اور احترامِ انسانیت کی اَقدار سے تشکیل پاتا ہے۔

آج کے تعلیمی اداروں میں احترامِ استاد کا فقدان کیوں؟

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ: آج کی نسل میں اساتذہ اور بڑوں کے احترام کا جذبہ کیوں مفقود ہوتا جا رہا ہے؟ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں، خواہ وہ لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں کے اسکول ہوں، اسلام آباد کے تعلیمی مراکز ہوں، اندرونِ سندھ اور بلوچستان کے علاقے ہوں یا گلگت بلتستان کی دور افتادہ بستیاں، ہر جگہ ایک خاموش بحران جنم لے رہا ہے۔ یہ بحران محض اسکولوں کی عمارتوں، کتابوں، بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر، کمروں، چھتوں یا وہاں تک پہنچنے والی سڑکوں کا بحران نہیں، بلکہ اس سے کہیں زیادہ گہرا ایک فکری، اخلاقی اور معنوی بحران ہے۔ درحقیقت ہمارے نظامِ تعلیم سے تعلیم کی معنویت، مقصدیت اور حقیقی روح بتدریج ختم ہوتی جا رہی ہے۔ پڑھنے اور پڑھانے کے عمل میں وہ مقصد، جذبہ اور احساسِ ذمہ داری باقی نہیں رہا جو تعلیم کو محض معلومات کی منتقلی کے بجائے انسان سازی کا ذریعہ بناتا ہے۔ ہمارے کلاس رومز آج اسی زوالِ معنویت (Erosion of Meaning) کی عکاسی کر رہے ہیں۔ نتیجتًا ایسے طلبہ تیار ہو رہے ہیں جو شاید تعلیمی اسناد تو حاصل کر لیتے ہیں، لیکن ان میں وہ فکری پختگی، اخلاقی تربیت، کردار کی مضبوطی اور اجتماعی شعور پیدا نہیں ہو پاتا جو پاکستان کے مستقبل کی تعمیر کے لیے ضروری ہے۔

آج ہمارے کلاس رومز میں طلبہ تو موجود ہیں، لیکن ان کے اندر شوقِ علم، جذبۂ عمل اور آگے بڑھنے کی تحریک کم ہوتی جا رہی ہے۔ دوسری طرف اساتذہ روزمرہ کی تدریسی مصروفیات، انتظامی ذمہ داریوں اور تعلیمی دباؤ میں اس قدر اُلجھ چکے ہیں کہ تدریس کے پیشے سے وابستہ وہ احساسِ مقصد اور جذبۂ خدمت بھی کہیں پس منظر میں چلا گیا ہے۔ ایک وقت تھا جب پاکستان میں تدریس کو محض ذریعۂ معاش نہیں، بلکہ ایک مقدس فریضہ اور امانت (Sacred Trust) سمجھا جاتا تھا۔ استاد کی حیثیت صرف سبق پڑھانے والے کی نہیں، بلکہ نسلوں کی فکری اور اخلاقی تربیت کرنے والے رہنما کی تھی۔

اگر ہم پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی 2024ء کی رپورٹ کے اَعداد و شمار کا جائزہ لیں تو ملک میں شرحِ خواندگی تقریباً 62 فیصد بتائی جاتی ہے، جبکہ پانچ سے سولہ سال کی عمر کے تقریبًا اَڑھائی کروڑ بچے اسکولز سے باہر ہیں۔ بلاشبہ یہ ایک سنگین قومی المیہ ہے اور اس حوالے سے پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر شمار ہوتا ہے۔ تاہم، سوال صرف یہ نہیں کہ اَڑھائی کروڑ بچے اسکولز سے باہر کیوں ہیں، بلکہ اس سے بھی زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ جو بچے اسکولز میں زیرِ تعلیم ہیں، وہ وہاں سے کیا سیکھ کر اور کیا بن کر نکل رہے ہیں؟

ہماری ساری توجہ ان بچوں پر مرکوز ہے جو سکول نہیں جا رہے، لیکن ان بچوں کی فکری، اخلاقی اور شخصی تشکیل کا جائزہ کون لے رہا ہے جو اسکولز میں موجود ہیں؟ کیا ہمارے تعلیمی ادارے انہیں محض امتحانات میں کامیابی اور ڈگریوں کے حصول کے لیے تیار کر رہے ہیں، یا انہیں ایک باشعور، باکردار، ذمہ دار اور مفید شہری بھی بنا رہے ہیں؟ میرے نزدیک یہ سوال قومی سطح پر سنجیدہ غور و فکر کا متقاضی ہے، کیونکہ تعلیم کا اصل مقصد صرف خواندگی کی شرح بڑھانا نہیں، بلکہ ایسی نسل تیار کرنا ہے جو علم کے ساتھ شعور، قابلیت کے ساتھ کردار اور کامیابی کے ساتھ احساسِ ذمہ داری بھی رکھتی ہو۔

احترامِ اُستاد کا زوال: ذمہ دار کون، اَسباب کیا ہیں؟

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ: ہمارے تعلیمی اداروں کے ماحول کا جائزہ لیا جائے تو ایک نہایت اہم حقیقت سامنے آتی ہے۔ بدقسمتی سے ہم نے اپنے نظامِ تعلیم کو محض رٹّا لگانے اور معلومات یاد کرنے تک محدود کر دیا ہے، جبکہ اس میں غوروفکر، تنقیدی شعور اور تدبر و تفکر (Reflective Thinking) کی گنجائش بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے۔ اخلاقی تربیت بھی ہمارے تعلیمی نظام کا بنیادی جزو نہیں رہی اور اس پہلو پر مطلوبہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ استاد اور شاگرد کے درمیان صدیوں سے قائم احترام، محبت اور اعتماد کا رشتہ کمزور پڑتا جا رہا ہے۔

میں منہاج یونیورسٹی، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اور پاکستان کے دیگر تمام تعلیمی اداروں سے وابستہ اساتذہ اور ذمہ داران سے مخاطب ہوں کہ ہمیں اس سوال پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ کیا آج کا طالب علم اپنے استاد کا اتنا ہی احترام کرتا ہے جتنا ایک نسل پہلے کیا جاتا تھا؟ اگر نہیں، تو اس کی وجوہات کیا ہیں؟ میرے نزدیک یہ صرف طلبہ کے رویّوں کا مسئلہ نہیں، بلکہ اساتذہ کے لیے بھی ایک لمحۂ فکریہ ہے۔

استاد اور شاگرد کا تعلق محض پڑھانے اور پڑھنے کا تعلق نہیں، بلکہ یہ محبت، احترام، اعتماد اور تربیت کا ایسا رشتہ ہے جس پر ہمارے تعلیمی نظام کی بنیاد قائم رہی ہے۔ ہماری تہذیبی اور معاشرتی روایات میں استاد کو والدین کے مقام اور ان کے تسلسل کے طور پر دیکھا جاتا رہا ہے۔ امام غزالیؒ نے اپنی معروف تصنیف احیاء علوم الدین میں استاد کی عظمت و اہمیت کو بیان کرتے ہوئے اس کے تربیتی کردار کو نمایاں کیا ہے۔ استاد درحقیقت نوجوان ذہنوں کی آبیاری اور ان کے کردار کی تعمیر کرنے والا ہوتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا آج ہم استاد کو اسی مقام و نگاہ سے دیکھتے ہیں؟ اور کیا آج کا استاد اپنے کردار، رویّے اور طرزِ عمل سے اس مقام کا حق ادا کر رہا ہے؟ اس تعلق کے کمزور ہونے کے اسباب پر مختلف تحقیقی رپورٹس میں بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ ان میں ایک اہم سبب اساتذہ کی غیر حاضری اور ان کے قول و عمل میں پایا جانے والا تضاد ہے، جو طلبہ کی نگاہ میں ان کی شخصیت اور بات کے اثر کو کم کر دیتا ہے۔ جب استاد خود اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں کرتا تو اس کے لیے طلبہ کے دلوں میں احترام اور اعتماد پیدا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

ایک اور اہم مسئلہ اساتذہ کا سخت گیر اور شدّت والا طرزِ عمل ہے۔ بعض اساتذہ یہ سمجھتے ہیں کہ چھوٹے بچوں کو ڈانٹ ڈپٹ یا خوف کے ذریعے خاموش کرانا ہی نظم و ضبط قائم کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ بلاشبہ ڈانٹ کر کسی طالب علم کو وقتی طور پر خاموش تو کرایا جا سکتا ہے، لیکن اس کے دل میں احترام اور اعتماد پیدا نہیں کیا جا سکتا۔ جب استاد طالب علم کے شعور، دلیل اور احساسات کو مخاطب کرنے کی بجائے محض حکم اور خوف کا سہارا لیتا ہے تو طالب علم بظاہر بات مان لیتا ہے، لیکن اس کے دل میں استاد کی عزت اور اعتماد مجروح ہو جاتا ہے۔ حقیقی استاد وہ ہے جو اپنے شاگرد کو محض خاموش نہ کرائے، بلکہ اسے سمجھنے، سوچنے اور درست فیصلہ کرنے کے قابل بنائے۔

اسی طرح کلاس روم میں نظم و ضبط قائم نہ رکھ پانا، طلبہ کی شکایات کو حکمت اور محبت سے حل نہ کرنا، اور طلبہ و طالبات کے درمیان غیر منصفانہ رویّہ اختیار کرنا بھی استاد کی شخصیت کو متاثر کرتا ہے۔ جب طالب علم یہ محسوس کرتا ہے کہ اس کے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا تو اس کے دل میں استاد کے لیے احترام کم ہونے لگتا ہے۔ اس لیے استاد کی عزت صرف اس کے منصب سے نہیں، بلکہ اس کے کردار، انصاف، ذمہ داری اور طرزِ عمل سے بھی قائم ہوتی ہے۔

اساتذہ میں پیشہ ورانہ اطمینان اور تدریس سے قلبی وابستگی کا فقدان بھی اس مسئلے کی ایک اہم وجہ ہے۔ جب ایک استاد خود ذہنی بے چینی، معاشی عدم تحفظ اور پیشہ ورانہ عدم اطمینان کا شکار ہو تو اس کے لیے تدریسی فرائض پوری دل جمعی اور دلچسپی سے انجام دینا مشکل ہو جاتا ہے۔ نتیجتًا کلاس روم میں موجود طلبہ بھی اس بے دلی اور عدم دلچسپی کو محسوس کرتے ہیں۔ استاد کی شخصیت اور اس کا عملی کردار طلبہ کی ذہنی و اخلاقی تشکیل پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔

اس پورے معاملے میں والدین کا کردار بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ جب والدین اپنے بچوں کے سامنے اساتذہ کے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں یا ان کے ہر فیصلے پر غیر ضروری برہمی کا اظہار کرتے ہیں تو اس کا براہِ راست اثر بچوں کے ذہنوں پر پڑتا ہے۔ بچے اپنے والدین کے رویّوں سے سیکھتے ہیں کہ انہیں استاد کے ساتھ کس طرح پیش آنا ہے۔ چنانچہ اگر گھر میں استاد کی عزت و تکریم کا ماحول موجود نہ ہو تو اسکول میں بھی اس احترام کو برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔

بدقسمتی سے جب تعلیمی منتظمین، پالیسی ساز اور حکومتی ذمہ داران ان عوامل کی گہرائی، باہمی تعلق اور دور رس نتائج کو سمجھے بغیر فیصلے کرتے ہیں تو تعلیمی نظام اپنی اصل روح سے محروم ہوتا چلا جاتا ہے۔ قومیں صرف تعلیمی ادارے قائم کرنے، نصاب مرتب کرنے اور امتحانات لینے سے ترقی نہیں کرتیں، بلکہ ان کی تعمیر علم، اخلاق، کردار، احترام اور انسانی اقدار کے فروغ سے ہوتی ہے۔ ہمیں اپنے نظامِ تعلیم میں ان بنیادی اقدار کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا، کیونکہ استاد اور شاگرد کے درمیان محبت، اعتماد اور احترام کا رشتہ بحال کیے بغیر ایک باکردار اور باشعور نسل کی تشکیل ممکن نہیں۔

بلاگر: ڈاکٹر محمد اِقبال چشتی (سینئر ریسرچ اسکالر)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top