تحریک پاکستان کے جذبہ کو بیدار کرکے تکمیل پاکستان کی طرف بڑھا جائے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

قائد اعظم کا پاکستان مسلمانوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے یوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے موقع پر منہاج یونیورسٹی میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے پاکستان کے حصول کیلئے جو قربانیاں دیں وہ مثالی نوعیت کی ہیں۔ آج پاکستان کو مسائل کے کرداب سے نکالنے کیلئے ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو سراپا قربانی بن کر قوم میں جذبہ قومیت کو زندہ کرے قوم و ملک کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو نہ صرف سنبھالا دے بلکہ اسے تکمیل پاکستان کی عظیم منزل تک پہنچا کر پاکستان کو عالم اسلام کا لیڈر بنا ئے۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کی اساس نظریہ اسلام ہے اور قائد اعظم کا پاکستان مسلمانوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ آج جغرافیائی سرحدو ں پر منڈلاتے خطرات اس لیے ہیں کہ ہم نے نظریاتی سرحدو ں کا تحفظ ترک کردیا۔ اپنا کلچر اور اسلاف کے اصولوں کو فراموش کر دیا خود کو اسلاف کے یوم ولادت پر تقاریب کے انعقاد تک محدود کرلیا۔ ان کا پیغام جدوجہد اور اصولوں کو فرامو ش کرکے ذاتی مفادات، حرص و ہوس، حسد، بغض کے فتنوں میں مبتلا ہوگئے، صوبائیت، لسانیت اور فرقہ واریت کا شکار ہوگئے۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت کا دن قوم سے تقاضہ کرتا ہے کہ تحریک پاکستان کے جذبہ کو بیدار کرکے تکمیل پاکستان کی طرف بڑھا جائے اور تمام اختلافات کو ختم کرکے صرف پاکستانی بن کر وطن عزیز کی ترقی میں کردار ادا کیا جائے۔ قائد اعظم کے یوم ولادت پر طلباء کو یہ عزم کرناہے کہ وہ اپنی پہلی ترجیح صرف اور صرف تعلیم پر مرکوز رکھیں گے اور عملی زندگی میں قائد اعظم کے فرمان کام کام اور صرف کام کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top