ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص) - فروری 2009ء

گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع مورخہ 6 فروری 2009ء کو ہوا۔ اس پروگرام کا انعقاد امام اعظم ابوحنیفہ ہال (گوشہ درود) میں کیا گیا۔

مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے پروگرام کی صدارت کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، گوشہ درود کے امیر حاجی محمد سلیم قادری، ناظم حلقہ درود و سلام میاں عبدالقادر، ناظم مالیات جاوید اقبال قادری، ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، ناظم ابلاغیات حاجی منظور حسین مشہدی، امیر پنجاب احمد نواز انجم، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، گوشہ درود کے خادم حاجی محمد ریاض، منہاج القرآن علماء کونسل کے ناظم سید فرحت حسین شاہ، ناظم دعوت رانا محمد ادریس قادری، صاحبزادہ محمد حسین آزاد، پروفیسر ذوالفقار علی، علامہ غلام ربانی تیمور اور دیگر مرکزی قائدین کے علاوہ لاہور بھر سے کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

نماز عشاء کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعد از تلاوت کلام پاک آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس میں کالج آف شریعہ کے حیدری برادران، عبدالباسط، عنصر علی قادری، شکیل احمد طاہر، منہاج نعت کونسل اور دیگر نے اپنی حاضری لگوائی۔ امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم نے گوشہ درود کی ماہانہ رپورٹ پیش کی۔

مرکزی ناظم دعوت علامہ رانا محمد ادریس قادری نے شرکاء مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے "فضیلت درود و سلام" کے موضوع پر خطاب کیا۔ آپ نے کہا کہ حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ "حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ایک دن تشریف لائے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرہ انور پر خوشی کے آثار نمایاں تھے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میرے پاس جبرئیل علیہ السلام آئے اور کہا اے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس بات پر خوش نہیں ہوں گے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت میں سے جو کوئی بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے میں اس پر دس مرتبہ درود (بصورت دعا) بھیجتا ہوں اور جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایک مرتبہ سلام بھیجتا ہے میں اس پر دس مرتبہ سلام بھیجتا ہوں۔"

انہوں نے کہا کہ ایک اور موقع پر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جوشخص مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے اس کے بدلہ میں اس پر ستر مرتبہ درود (بصورت دعا) اور سلامتی بھیجتے ہیں۔ اب بندہ کو اختیار ہے چاہے تو وہ اس سے کم آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود بھیجے یا اس سے زیادہ‘‘

علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کہا کہ آج کے اس مادیت زدہ دور میں دلوں میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع جلانے، نسبت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں استقامت پیدا کرنے اور اطاعت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ترغیب دینے کیلئے تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر گوشہء درود کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جس کے ذریعے عالمگیر سطح پر قرب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نسبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مستحکم کرکے بارگاہِ ایزدی سے برکات کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔

اس گوشہء درود میں غلامان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ہر لمحہ ملائکہ کے سلام پڑھنے کی سنت پر عمل کرتے ہوئے 24 گھنٹے بغیر کسی وقفے کے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود وسلام پڑھ رہے ہیں۔

پروگرام کے آخر میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں سلام پڑھا گیا اور رقت آمیز دعا کروائی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top