عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلہ میں پریس کانفرنس

مورخہ: 02 مارچ 2009ء

تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ 9 مارچ کی رات مینار پاکستان کے سبزہ زار میں 25ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شرکت کرکے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے۔ پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی تیاریوں کیلئے 50 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے جبکہ صدر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ حسن محی الدین القادری اور صاحبزادہ حسین محی الدین القادری خصوصی شرکت کریں گے۔

شیخ زاہد فیاض نے متنبہ کیا کہ ربیع الاول جیسے مقدس اور بابرکت مہینے کے دوران بسنت کی آڑ میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت اس حوالے سے سخت لائحہ عمل اپنائے اور ربیع الاول کے تقدس کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے دن قریب آرہے ہیں اور یہ رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے اس لیے ان دنوں مسلمانوں کی مکمل توجہ رحمتوں کے حصول پر مبذول ہونی چاہیے۔ وہ گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔ اس موقع پر ساجد بھٹی، شہزاد رسول قادری، احمد نواز انجم، پروفیسر ذوالفقار علی اور دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ضیافت میلاد اور محافل کا سلسلہ پورا مہینہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہا ج القرآن عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کیلئے گزشتہ 29 سالوں سے محنت کررہی ہے۔ مینار پاکستان کا گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منا کر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں اور پورا سال ان کا دل محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے دہڑکتا رہتا ہے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظرمنہاج القرآن یوتھ لیگ کے 5000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے بھی سیکیورٹی کی یقین دھانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں وطن عزیز کے نامور نعت خواں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے جبکہ جید علماء اور مشائخ عظام عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے۔ کانفرنس میں پنجاب بھر سے سینکڑوں بسوں کے قافلے شام ہوتے ہی مینار پاکستان پہنچنا شروع ہوجائیں گے، پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید ڈیجیٹل سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ نجی ٹی وی عالمی میلاد کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست پوری دنیا میں نشر کرئے گا۔ منہاج القرآن کی ویب سائٹس پر بھی کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ اس طرح بالواسطہ طور پر کانفرنس میں کروڑوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شامل ہوکر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں ایک سال کے دوران پڑھا جانے والا درود بارگاہ رسالت مآب میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساؤنڈ سسٹم مینار پاکستان کے ساتھ ملحقہ سڑکوں تک پہنچا دیا جائے گا تاکہ پنڈال کے باہر ہزاروں افراد تک آواز باآسانی پہنچتی رہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top