کالج آف شریعہ کے اساتذہ اور طلبہ کی السید محمد بن احمد بن علی النوری المدنی سے ملاقات

مورخہ: 12 مارچ 2009ء
(رپورٹ:محمد نوازشریف)

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز منہاج یونیورسٹی لاہور کے اساتذہ اور طلبہ نے مدینہ منورہ سے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خادم خاص الشیخ السید محمد بن احمد بن علی النوری المدنی سے ملاقات کی۔ آپ سیدنا حضرت بلال کی آل سے ہیں اور مسجد نبوی میں بطور خادم ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔ آپ منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آئے تھے۔ یہ ملاقات ماڈل ٹاون لاہور میں ہوئی۔ منہاج یونیورسٹی کے معزز اساتذہ کرام کے وفد کی نگرانی شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام اور شیخ الغۃ والادب پروفیسر محمد نواز ظفر نے کی۔ وفد میں شامل معزز اساتذہ کرام میں میاں محمد عباس نقشبندی، علامہ محمد الیاس اعظمی، ممتاز الحسن باروی، ڈاکٹر مجاہد مسعود، پروفیسر شبیر احمد جامی، سید افتخار شاہ، غلام مجتبیٰ طاہر، عبدالوحید، رانا محمد اکرم قادری، صابر حسین نقشبندی، محمد افضل، منظور الحسن قادری، صاحبزادہ عتیق حیدر، پروفیسر مجیب الرحمن اور دیگر اساتذہ کرام بھی شامل تھے۔ طلبہ کی نمائندگی صدر بزم منہاج حافظ غضنفر حسنین اور نائب صدر محسن کمال تارڈ نے کی۔ طلبہ کے دیگر نمائندوں میں عبدالحفیظ کیانی، واحد نعیم، طارق جٹ اور واجد نعیم بھی شامل تھے۔ طلبہ و اساتذہ کرام معزز مہمان کے ساتھ گلے ملے اور مصافحہ کیا۔ اس موقع پر الشیخ السید محمد بن احمد بن علی النوری المدنی نے اساتذہ کرام اور طلبہ کو مختصر لیکچر بھی دیا۔ آپ نے کہا کہ مسجد نبوی میں خادم کی ذمہ داری بہت بڑا اعزاز ہے اور میں خود کو دنیا کا خوش قسمت انسان سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کی ضرورت ہے اور تحریک منہاج القرآن نے پاکستان اور دنیا بھر میں عشق مصطفیٰ کے دیپ چلائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے منہاج القرآن اور پاکستان آ کر بے حد خوشی ہوئی۔ پاکستان آقا علیہ السلام کے محبت کرنے والوں اور دیوانوں کا ملک ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے میلاد کانفرنس منعقد کر کے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ محبت رسول ہی اصل ایمان ہے۔ معزز اساتذہ کرام نے آپ کو گلدستے پیش کیے اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ تقریب کے اختتام پر شیخ صاحب نے اساتذہ اور طلبہ کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔

 

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top