اسلامی ممالک ایسا فورم تشکیل دیں جو امت کو سیاسی و معاشی وقار عطا کرے : شیخ زاہد فیاض

تحریک منہاج القران کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ سیاسی و معاشی طور پر امت مسلمہ دنیا میں محکومی کی زندگی گزار رہی ہے مسلم ممالک وسائل کی فراوانی اور با صلاحیت افرادی قوت کے باوجود سیاسی اور معاشی طور پر دنیا میں بے حیثیت دکھائی دیتے ہیں جس کی بڑی وجہ اتحاد و یک جہتی کا نہ ہونا ہے۔ معاشی طور پر خوشحال مسلم ممالک غریب مسلم ممالک کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہے جو بڑا المیہ ہے۔ افغانستان، عراق، کشمیر، فلسطین اور دیگر محکوم مسلم ممالک پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے لئے امت مسلمہ کی نمائندہ تنظیم OIC مجرمانہ خاموشی اختیار کر کے اپنا وجود کھو چکی ہے۔ UN کا غلامانہ اور بے حیثیت کردار بھی کسی سے چھپا نہیں، ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ موثر اسلامی ممالک کے حکمران ذاتی مفادات اور غلامانہ پالیسیوں سے تائب ہو کر ایک ایسا فورم تشکیل دیں جہاں محکوم مسلم ممالک کو حقیقی آزادی دلانے اور امت کے معاشی اور سیاسی وقار کی بحالی کے لئے ٹھوس پالیسیاں تشکیل دی جائیں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ مسلمان بطور امت دنیا میں توقیر کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں نے اپنی موجودہ روش کو نہ بدلا تو سیاسی و معاشی طور پر کمزور امت دنیا میں مزید بے حیثیت بنا دی جائے گی اور امت مسلمہ کی آئندہ نسلیں ایسے حکمرانوں کو کبھی معاف نہیں کریں گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top