منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی (ص)

ماہ مبارک ربیع الاول شریف کی آمد کے ساتھ ہی دنیا بھر میں جشن ولادت آقا دوجہاں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سلسلہ جاری ہے بارگاہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہء خراج عقیدت و محبت کا سلسلہ عروج پر ہے اور مختلف انداز و زبان پر آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدحت ہو رہی ہے۔ چہار دانگ عالم اُن کی آمد کے نغموں کی بدولت وجد و مستی کی کیفیت میں ہے، اسی نسبت باکمال کے تسلسل کے پیش نظر منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے زیراہتمام عظیم الشاں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد 12 ربیع الاول شریف بروز سوموار بمقام ’’ماجو جنکشن‘‘ کوالالمپور میں کیا گیا۔ جس میں کثیر تعداد میں عشاقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شرکت کی۔ اس عظیم الشاں پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سید محمد عرفان علی بخاری نے سرانجام دیئے۔

تلاوت قرآن مجید سے اس بارونق وبابرکت محفل کا آغاز ہوا جس کی سعادت برما سے تشریف لائے ہوئے ممتاز قاری قرآن محمد یوسف نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت حاصل کرنے والوں میں محمد ظفراقبال ظفری قادری، محمد نعمان صدیقی اورسید محمد ذوالقرنین شاہ شامل تھے۔ جبکہ ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے ریڈیو، ٹیلی ویژن کے معروف ثناء خوان گروپ ’’حقّانی برادران‘‘ نے عربی اور ملائیشین زبان میں خصوصی نذرانہء و نعت پیش کیا۔ صدر مجلس، اولادِ حضور غوث الثقلین، عالی مرتبت حضرت صاحبزادہ پیر سید محمد عضیف الدین قادری الگیلانی البغدادی صاحب نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی فضیلت واہمیت اور اس کے برکات و ثمرات پر مفصل اور مدلل خطاب فرمایا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے امیر علامہ محمد سلیم قادری نے تمام حاضرین کو ماہ مکرم کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوش بخت ہیں وہ لوگ جوبزم میلاد میں حاضر ہوکر اپنی نجات کا سامان کر رہے ہیں۔ اور ہمارے لیئے خوش نصیبی ہے کہ بزم ذکر میلاد میں گزارے جانے والے لمحات عبارت میں شمار کئے جارہے ہیں۔ یہ کمال عظمت رسالت ہے کہ اُن کے ذکر کریم کو عبادت کا درجہ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل پورے عالم میں سنت خداوندی ادا کرتے ہوئے جشن ولادت کے پروگرام منعقد کر رہی ہے اور لوگوں کے دلوں میں عشق رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع فروزاں کرنا قائدین و کارکنان منہاج القرآن کا مقصد حیات ہے۔ انہوں نے عظیم الشان کانفرنس کے انعقاد پر منہاج القرآن ملائیشیا کے ناظم محمد ظفراقبال قادری اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اہل محبت کا جوش و جذبہ اس بات کی عکاسی کررہا ہے کہ بہت جلد سالارِ قافلہ عشق و محبت، امین دین مصطفوی، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو ملائیشیا کے دورہ کی دعوت دی جائے گی۔ ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نگاہیں اس عظیم ہستی اور فخراسلام کی آمد کی منتظر ہیں۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دوسرا بڑا پروگرام منتاری کورٹ (سلانگور) میں محمد نعمان صدیقی صاحب کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ حافظ محمد عثمان صدیقی کی تلاوت قرآن پاک سے محفل کا باقاعدہ آغاز ہوا جبکہ ہدیہ نعت بحضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کی سعادت محمد اصغر مجددی، محمد ظفر اقبال ظفری اور محمد حسین چشتی نے حاصل کی۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائیشیا کے امیر علامہ محمد سلیم قادری نے میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور خصائص و کمالات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر خوبصورت گفتگو بیان فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ ولادت کا جشن منانا نہ صرف انبیاء و اسلاف و صالحین سے ثابت ہے بلکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب کی آمد پر شادمانی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جشن ولادت پر چراغاں کرنے والے کی قبر میں تا ابد اُجالا رہے گا۔ محفل پاک کے اختتام پر محمد نعمان صدیقی کی جانب سے جملہ حاضرین و شرکاء مجلس میں حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مختلف موضوعات پر مبنی سی ڈیز فری تقسیم کی گئیں اور ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا گیا کہ حضور شیخ الاسلام کی کتب و کیسٹس کی فراہمی ہمہ وقت ممکن ہے۔

مزید برآں منہاج انٹرنیشنل بانگی اور سیلانگ کے زیراہتمام بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں عظیم الشان پروگرامز منعقد کئے گئے جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور امیر ملائیشیا نے ان محافل میں خطابات کئے۔

رپورٹ : محمد سلیم قادری (ملائیشیا)
مرتب : میاں اشتیاق (امورخارجہ)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top