خود مختار خارجہ پالیسی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 06 مئی 2009ء
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ خود مختار خارجہ پالیسی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ غلامانہ روش ترک کر کے جرات و حکمت کے ساتھ ایسے فیصلے کرنا ہوں گے جو پاکستان کو معاشی و اقتصادی استحکام کی طرف لے جائیں۔ پاکستان جنوبی ایشیاء کا اہم ملک ہے مگر امریکہ کا جھکاؤ ہمیشہ بھارت کی طرف رہا ہے۔ موجودہ حالات میں خارجہ پالیسی کو بدلنے کی جرات نہ کی گئی تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پاکستان کیلئے اپنی خارجہ پالیسی کی تشکیل نو کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ وہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ غلامانہ پالیسیوں سے تائب ہو کر معاشی استحکام کیلئے پوری قوم کو محنت کرنا ہوگی تاکہ بڑی طاقتوں کا اقتصادی غلامی سے نجات مل سکے۔ حکمرانوں کو ذاتی مفادات سے تائب ہوکر پاکستان اور امت کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے اور وہاں غاصبانہ قبضہ کیے ہوئے ہے مگر انسانی حقوق کا واویلہ کرنے والی طاقتیں اسے اپنے مفاد کے تحفظ کیلئے دفاعی لحاظ سے مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔ بڑ ی طاقتوں کی اس روش سے پاکستان کے مفادات کو شدید خطرہ ہے۔ ان حالات میں پاکستان فوری طور پر اپنی خارجہ پالیسی کو ایسے خطوط پر استوار کرے جو جرات و حکمت پر مبنی ہو۔ پاکستان دیگر مسلم ممالک سے سفارتی رابطے کرے تاکہ بیداری کی ایک لہر اٹھے۔ عرب ممالک اپنے وسائل کو امت مسلمہ کی معاشی بدحالی دور کرنے کیلئے استعمال میں لائیں، سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ پر توجہ دی جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ مستقبل قریب میں مسلمان دنیا میں اپنا کھویا ہوا وقار بحال نہ کرسکیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top