ہالینڈ میں پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ پر پرچم کشائی کی تقریب

مورخہ: 27 مارچ 2009ء

ہالینڈ کی ڈائری راجہ فاروق : نمائندہ جنگ : ہالینڈ میں پاکستان کے نئے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے ہیگ کے مرکز میں واقع اپنی رہائش گاہ کے سبزہ زار پر یومِ پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا تقریب کے آغاز میں حافظ و قاری مجیب احمد نوشاہی نے تلاوتِ قرآن پاک، نظامت کے فرائض سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے تھرڈ سیکرٹری میاں عاطف شریف نے ادا کئے اور صحافیوں کا خیرمقدم کیا سفیر پاکستان اعزاز احمد چوہدری نے قومی ترانے کی دھن میں سبز ہلالی پرچم لہرایا اس تقریب میں زندگی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے متعدد پاکستانیوں نے شرکت کی خواتین اور بچوں کی بھی کافی تعداد موجود تھی۔ سفیر پاکستان اعزاز احمدچوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اُس عہد کی یاد دلاتا ہے جب 23 مارچ 1940ء کو لاہور کے منٹو پارک میں ایک آزاد فلاحی ریاست کیلئے قرارداد پاس کی گئی اور سات سال کی قلیل مدت میں دنیا کے نقشے پر اتنی بڑی اسلامی ریاست وجود میں لائی گئی جہاں ہم اپنی اقدار کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں انہوں نے پاکستان میں عدلیہ کی آزادی کا ذکر کیا اور کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اور اُن کے رفقاء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا سفیر پاکستان اعزاز احمد چوہدری اور ان کی اہلیہ نے اس موقع پر شرکاء کو استقبالیہ بھی دیا۔29 مارچ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہالینڈ تشریف لارہے ہیں وہ 30 مارچ کو ہیگ میں ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں افغانستان کے مسئلہ پر اور دیگر مسائل پر بات ہوگی بعد ازاں وہ نیٹو کے زیر اہتمام کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔حسینی میشن نیدرلینڈ کے زیر اہتمام محفل علی دی ہیگ میں جشنِ میلادالنبی کے سلسلے میں ایک مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی شعراء کے علاوہ ریاض حسین قریشی بلجیم، رضی جعفری اوسلو اور برطانیہ سے نامور شاعر صفدر ہمدانی نے شرکت کی۔ ڈنمارک سے آئے ہوئے شیعہ عالم دین سید مرید حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور کو تمام صباقوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا گیا آپ سے اور آپ کی آل سے محبت جزو ایمان ہے۔ انہوں نے اتحاد بین المسلمین پر زور دیا۔ تحریک منہاج القرآن دی ہیگ نے بھی ولادتِ پیغمبر اسلام حضرت محمد کے سلسلے میں ہیگ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا اس موقع پر بچوں کا مقابلہ حسن نعت منعقد کیا گیا جس میں نظامت کے فرائض تحریک منہاج القرآن کے پریزیڈنٹ عالم دین قاری حبیب الرحمن نے ادا کئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی غلام مرتضیٰ علوی تھے۔ نعتیہ مقابلے میں لڑکوں میں محی الدین بدرالقادری اول آئے جبکہ لڑکیوں میں مہ نور شاہ اول آئیں۔ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ اپنی اولادوں کو نبی پاک سے محبت کرنا سکھائیں۔ تحریکِ منہاج القرآن ہیگ کے صدر سید مقصود حسین شاہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اسلام آباد میں ڈچ سفارت خانے کی بندش کی وجہ سے ڈچ وزارت خارجہ کی ہدایت پر پاکستان سفارتخانہ دی ہیگ پاکستانی دستاویز، برتھ سرٹیفکیٹ اور میرج سرٹیفکیٹ وغیرہ کی تصدیق کرنے کا مجاز تھا جو کہ ڈچ اداروں میں قابل قبول تھی سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ نے گذشتہ ہفتے سے ڈچ وزارت خارجہ کی ہدایت پر پاکستانی دستاویز کی تصدیق بند کر دی ہے ڈچ وزارتِ خارجہ کا موقف ہے کہ اب نیدرلینڈ سفارتخانہ اسلام آباد نے کام شروع کردیا ہے اب حسب سابق نیدرلینڈ سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ نے پاکستانی دستاویز کی تصدیق کا کام بند کر دیا ہے تاہم جو کاغذات جمع ہیں ان کی تصدیق کی جائے گی۔ پاکستان مفکرز فورم ساؤتھ ایشین پریس کلب ہالینڈ نے برطانیہ کی سیاسی شخصیت لارڈ احمد کو مظلوم انسانیت کیلئے خدمات اور سماجی اقدار کیلئے ہر موقع پر آواز حق بلند کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

http://search.jang.com.pk/print.asp?nid=342100

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top