عظیم تحریکی کارکن فاروق احمد خان کی شہادت

مورخہ: 24 جون 2009ء

تحریک منہاج القرآن ڈیرہ اسماعیل خان صوبہ سرحد کے پرانے تحریکی کارکن اور روح رواں صدر تحریک منہاج القرآن، ڈیرہ اسماعیل خان فاروق احمد خان کو گزشتہ رات چند نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ شہید کے ساتھ ان کے بھائی کو بھی گولیاں لگیں اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

24 جون کو شہید کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں پنیالہ تحصیل پہاڑپور میں اداکی گئی۔ جنازہ میں شرکت کے لیے مرکز سے ساجد محمود بھٹی (سینئر نائب ناظم تنظیمات)، امجد حسین جٹ صدر(MSM)، پشاور سے امجد علی شاہ، ہزارہ سے مشتاق علی خان اور ضیاء الرحمن خان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تمام تنظیمات اور کارکنان نے شرکت کی۔ مقامی مختلف مذہبی اور سماجی تنظیمات کے قائدین اور ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔

شہید کے جنازے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی لوگوں کے بقول انہوں نے تاریخ میں اس قدر بڑا جنازہ نے نہیں دیکھا ہے۔ شہید کی میت کو تحریک منہاج القرآن کے پرچم میں لپیٹا گیا تھا جب کہ جنازہ کے راستے میں درود شریف کا ذکر جاری رہا۔ اس موقع پر ساجد محمود بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے شہید کی تحریک کے حوالے سے خدمات کا ذکر کیا اور ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک کی پہچان تھے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کا کوئی علاقہ بھی ایسا نہیں جہاں جاکر انہوںنے تحریک کی دعوت اور تنظیم سازی نہ کی ہو۔ وہ ہر وقت تحریکی خدمات کی انجام دہی کے لیے فکرمند اور کوشاں رہتے تھے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہید کے قاتلوں کے خلاف کاروائی کر کے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

اس موقع پر شیخ زاہد فیاض (سینئر نائب ناظم اعلیٰ) نے ٹیلی فون کر کے شہید کے بھائی اور مقامی تحریکی احباب سے اظہار تعزیت کیا ان کی خدما ت کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی شہادت کو تحریک کا بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ اس کے علاوہ مرکزی عہدیدران جی ایم ملک، احمد نواز انجم، میاں عبد القادر قادری، ڈاکٹر شاہد محمود اور بلال مصطفوی نے بھی اظہار تعزیت کیا اور CWC کے اجلاس میں شہید کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top