منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان (اباراکی) میں معراج النبی(ص) کا سالانہ اجتماع

مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان اباراکی میں معراج النبی(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا سالانہ اجتماع جامع مسجد المصطفے مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل اباراکی، جاپان میں معراج النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا سالانہ اجتماع ہوا جس میں مرکزی نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے خصوصی طورپر شرکت کی۔

محفل پاک کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت اسامہ اویس نے حاصل کی۔ محمد اقبال اور محمد عرفان نے نعت رسول مقبول(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اپنی مدھ بھری آوازوں میں پیش کیں۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض مسجد ھذا کے امام و خطیب حافظ محمد یعقوب مغل اور حاجی نعیم خاں نے سرانجام دیے۔ اس کے بعد خصوصی خطاب کے لئے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ رانا محمد ادریس کو دعوت دی گئی آپ نے واقعہ معراج مکمل تفصیل اور مدلل انداز سے بیان کیا۔ اور آپ کا خطاب تمام حاضرین انتہائی توجہ اور غور و فکر کے ساتھ سنتے رہے۔

اپنے خطاب میں علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور مسلمانوں کی ملاقات کی ابتداء ہی سلامتی کی دعاسے شروع ہوتی ہے۔ جبکہ جواب میں مسلمان کو وعلیکم السلام کہہ کرسلامتی کی دعا دیتا ہے۔ اسلام محبت کا درس دیتا ہے اللہ اور اللہ کے رسول(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے حاصل ہونے والا امن معاشرے میں پھیلا کر مومن بنتا ہے جاپان میں رہنے والے مسلمان اسلام کے سفیر ہیں۔

علامہ رانا محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ کو اپنے کردار اور عمل سے اسلام کے اصل تشخص کو اُجاگر کرنا ہے دنیا کے لوگ اسلام کو پڑھ کر نہیں بلکہ مسلمانوں کے کردار کو دیکھ کر اسلام کو سمجھتے ہیں اُنہوں نے حاضرین سے کہا کہ آپ کے عمل کودیکھ کر اگرکوئی جاپانی مسلمان ہونے کے ارادے کو بدل دے تو قیامت کے دن اس جاپانی کا ہاتھ آپ کے گریبان پر ہو گا آپ کو اپنا سکھ دوسروں کے دکھ پر قربان کرنا ہو گا مومن امن کا سبب بنتا ہے شب معراج پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ معراج کا سفر محبت کا سفر ہے حبیب نے محبوب سے محبت کے اظہارکے لئے معراج کی شب اپنے پاس بلایا، نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)کی بعثت اللہ کا سب سے بڑا فضل ہے اور شب معراج پر پانچ نمازوں کا تحفہ اللہ کا انعام ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ سوات میں اسلام کے نام پر جو ظلم و ستم ہو رہا ہے وہ صرف اسلام کو بدنام کرنے کی سازش ہے اسلام دشمنوں نے اسلام کو جو نقصان پہنچایا وہ الگ لیکن اپنوں نے اسلام کو جتنا نقصان پہنچایا اسکی کوئی انتہا نہیں۔ اور یہ زیادہ دکھ کی بات ہے انہوں نے باورکروایا کہ اللہ نے دین میں زبردستی نہیں رکھی اسلام صرف محبت اورکردار سے پھیلا ہے نہ کہ بندوق اور زبردستی سے لیکن ناعاقبت اندیشوں کی وجہ سے اسلام کے دشمنوں کو انگلی اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔ شب معراج کے مذکورہ اجتماع میں ٹوکیو، چیبا، سائتیاما ،توچگی اور اباراکی سمیت دیگر کئی علاقوں سے مسلمانوں نے شرکت کی۔

رپورٹ: شاہد رضا چوہدری (جاپان)
مرتب۔ : میاں اشتیاق(امورخارجہ)

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top