رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی مہنگائی کے عظیم طوفان نے پاکستانی عوام کو اپنے نرغے میں لے لیا ہے : شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 10 اگست 2009ء

13 اگست کو مرکزی سیکرٹریٹ پر سانحہ گوجرہ کے حوالے سے ایک اہم سیمینار منعقد کر رہے ہیں۔
ملک میں اقلیتوں کا تحفظ کرنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے۔
شیخ زاہد فیاض سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کی پریس بریفنگ

رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی مہنگائی کے عظیم طوفان نے پاکستانی عوام کو اپنے نرغے میں لے لیا ہے۔ توقع تھی کے ارباب حکوت اپنے اقتدار کی باہمی رسہ کشی سے کچھ وقت نکال کر غریب عوام کے سلگتے ہوئے مسائل کی طرف دھیان دیں گے، ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے مرکزی سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ جواد حامد اور بلال مصطفوی بھی تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ حکومت کو نہ تو غربت اور مہنگائی سے عوام کی ہلاکتوں اور انفرادی و اجتماعی خود کشیوں کے تدارک سے غرض ہے اور نہ ہی ملک کی سلامتی اور ملکی وقار کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد آمد ہے اور اس سے قبل ہی اشیاء خورد و نوش کی قلت اور قیمتوں میں ہوشرباء اضافے نے پہلے سے نڈھال عوام کو ادھ موا کرکے رکھ دیا ہے۔ آٹے، گھی، چینی کی قلت اور قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کی وجہ سے غریب عوام کے لیے سحر و افطاری کا اہتمام انتہائی مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دو وقت کی روٹی سے تنگ عوام آٹے، چینی کے حصول کے لیے انتہائی ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔ رمضان المبارک وہ مہینہ ہے جس میں کسی بھی اسلامی ملک کی حکومت کو اشیائے ضروریہ کی عام اور ارزاں دستیابی کو ضروری بنانا ہوتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دیگر غیر ضروری کاموں سے صرف نظر کر کے غریب عوام کو رمضان المبارک میں اشیائے خورد و نوش کی ارزاں فراہمی اور ملک کی سلامتی کے حوالے سے ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم توقع رکھتے ہیں کہ حکومت ملکی حالات کے پیش نظر رمضان المبارک میں فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دے گی اور یقیناً سیکیورٹی پر حکومت کی خصوصی توجہ ہو گی۔ سانحہ گوجرہ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کا تحفظ کرنا حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہے۔ میں سمجھتا ہوں بین الاقوامی مخالفانہ صورتحالہ کے پیش نظر ہمیں حکمت اور تدبر سے کام لینا ہو گا اور تمام امور قانون کے دائرے میں لانا ہوں گے۔ تمام طبقات کو اپنا رد عمل قانونی طریقہ سے پیش کرنا ہو گا وگرنہ دنیا میں پاکستان کی بڑی بدنامی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی جامع مسجد وہ مسجد ہے جس کے دروازے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر مسیح برادری کی عبادت کے لیے کھول دیے گئے۔ دین اسلام کسی بھی فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیتا، اس کے لیے آئین، عدالتیں، اور حکومت موجود ہے۔ مسیح برادری کی تاریخ گواہ ہے۔ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ہم سانحہ گوجرہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور عیسائی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 13 اگست کو مرکزی سیکرٹریٹ پر سانحہ گوجرہ کے حوالے سے ایک اہم سیمینار منعقد کر رہے ہیں جس میں تمام مذاہب کے اہم رہنماء شرکت کریں گے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top