سالانہ محفل ختم وصال قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤالدین القادری الگیلانی (رض)

تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادی رضی اللہ عنہ کے یوم وصال کے سلسلہ میں دربار عالیہ غوثیہ بغداد ٹاؤن (ٹاؤن شپ) لاہور میں سالانہ محفل ختم پاک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات کا آغاز مزار اقدس کے غسل مبارک سے ہوا۔ جس میں جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی مدظلہ نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر حافظ امین الدین قادری سرپرست تحریک منہاج القرآن و بزم قادریہ، حاجی غلام مصطفیٰ قادری ڈائریکٹر امورخارجہ، حاجی منظور حسین قادری، داؤد حسین مشہدی، محمد افضل قادری خادم دربار غوثیہ کوئٹہ، ملک اکرام اللہ قادری و ملک حبیب اللہ قادری خدام دربار غوثیہ لاہور کے علاوہ کثیر تعداد میں مریدین و متوسلین نے شرکت کی۔ مزار اقدس پر چادر پوشی پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی البغدادی نے کی۔ بعد ازاں صاحبزادہ افتخار الحسن نے منقبت بحضور غوث الوریٰ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ فیصل آباد کے احباب نے درود و سلام کا نذرانہ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا۔ آخر میں شہزادہ غوث الوریٰ پیر السید محمود محی الدین القادری نے خصوصی دعا کی۔

صاحبزادہ پیر السید محمود محی الدین القادری الگیلانی البغدادی کی زیر صدارت دوسری تقریب کا آغاز بعد از نماز عصر تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت زینت القراء قاری محمد ندیم نقشبندی نے حاصل کی۔ ارشاد اعظم چشتی، محمد علی سجن، ملک غلام دستگیر قادری، منہاج نعت کونسل و دیگر نعت خواں حضرات نے بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلہائے عقیدت پیش کئے اور بحضور غوث اعظم رضی اللہ عنہ ہدیہ منقبت پیش کیا۔ آخر میں ڈاکٹر نثار احمد قادری اور بزم غوثیہ کے ممبران نے ختم غوثیہ شریف پڑھا۔ محفل کے اختتام پر شہزادہ غوث الوریٰ جگر گوشہ قدوۃ الاولیاء نے خصوصی دعا فرمائی۔

رپورٹ : شہزاد رسول قادری

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top