حضرت امام حسین علیہ السلام نے امت مسلمہ کو جینے کا ڈھنگ سکھایا اور تاریخ حریت رقم کی: شیخ زاہد فیاض

حضرت امام حسین علیہ السلام صرف مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے امام ہیں
منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار بعنوان ’’امام حسین علیہ السلام کی شہادت اور ہماری ذ مہ داریاں‘‘ سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے سنیئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے کہاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت صبر، شکر، توکل، اللہ تعالی کی رضا اور جدوجہد سے عبارت ہے۔ انہوں نے حق کے لیے گردن کٹوا دی مگر ظلم کے آگے جھکائی نہیں۔ انہوں نے دین اسلام کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت ہمیں جرات، بہادری اور جذبہ قربانی کے اسباق عطا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیر اہتمام تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن فیض الرحمان درانی نے کی۔ سیمینار سے امیر پنجاب تحریک منہاج القرآن احمد نواز انجم، علامہ رانا محمد ادریس، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ساجد محمود بھٹی، بلال مصطفوی اور علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے بھی خطاب کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے امت مسلمہ کو جینے کا ڈھنگ سکھایا اور تاریخ حریت رقم کی۔ انہوں نے ہر وہ چیز اللہ تعالی کے راستے پر قربان کی جو انہیں پیاری لگتی تھی۔ شیخ زاہد فیاض نے کہاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور خدمت خلق کے حسین امتزاج تھے۔ انہوں نے صوم و صلوۃ کیساتھ ساتھ عملی زندگی میں فلاح انسانیت کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت و کردار سے انسانیت کو ہدایت کا نور، آخرت کی تڑپ اور علم و عرفان کی روشنی نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین صرف مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کے امام ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا کردار آزادی کی راہو ں پر چلنے والوں کے لیے مینارہ نور ہے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top