قمر جاوید ملک مرحوم سخت ترین مشکلات کے باوجود استقامت کے ساتھ مشن کی خدمت کرتے رہے : مسکین فیض الرحمٰن درانی

قمر جاوید ملک مرحوم تحریک منہاج القرآن کا قابل فخر اثاثہ تھے : شیخ زاہد فیاض
منہاج القرآن کی مرکزی راہنما قمر جاوید ملک مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تعزیتی ریفرنس سے مقررین کا خطاب

تحریک منہاج القرآن کے شعبہ دعوت کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرینگ قمر جاوید ملک مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس بعنوان ’’تذکرہ ان کی وفاؤں کا‘‘ انعقاد ہوا۔ جس کی صدارت مرکزی امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی نے کی۔ تعزیتی ریفرنس سے قائمقام ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قمر جاوید ملک تحریک منہاج القرآن کا قابل فخر اثاثہ تھے۔ انہوں نے تحریک کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ تحریک منہاج القرآن میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ شرکاء سے صاحبزادہ مسکین فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ قمر جاوید ملک کو اللہ تعالی نے بہت سی صلاحیتوں سے نوازا تھا۔ وہ سخت ترین مشکلات کے باوجود استقامت کے ساتھ مشن کی خدمت کرتے رہے تھے۔ امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کہا کہ مرحوم کی شخصیت کے کئی پہلو تھے۔ وہ اپنے ساتھیوں کی مشکلات کو سن کر پریشان ہو جایا کرتے تھے۔ ان میں غصہ نامی کسی شے کا وجود نہ تھا۔ میاں عبدالقادر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ساری زندگی وقت کی پابندی کرتے رہے اور وقت کی پابندی کا درس دیتے رہے۔ مرکزی ڈائریکٹر نظامت تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے کہا کہ قمر جاوید ملک کی ناگہانی موت سے نظامت تربیت میں بہت بڑ ا خلا پیدا ہو گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نظامت تربیت غلام مرتضی علوی نے کہا کہ مرحوم ایک صاف گو، پاکباز اور متحرک نوجوان تھے۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے 6 سے زائد شعبوں میں ایسے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جو مدتوں یار رکھے جائیں گے۔ قمر جاوید ملک مرحوم اخلاص اور رضائے الہی کے پیکر تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے راہنما قمر جاوید ملک مرحوم کے بھائی غلام عباس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی موت سے ہماری کمر ٹوٹ گئی ہے مگر تحریک منہاج القرآن کی طرف سے اس خوبصورت اظہار ہمدری سے ہمیں حوصلہ ملا ہے۔ اس سے ہمیں ان کی جدائی کے احساس میں کمی ہوئی ہے۔ تعزیتی ریفرنس میں مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل محترم سید فرحت حسین شاہ، شاہد لطیف، بلال مصطفوی، میاں زاہد اسلام، ساجد گوندل، جی ایم ملک، محمد اشرف، مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ فاطمہ مشہدی اور طیبہ طاہرہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top