حکومت فوری طور پر گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ واپس لے اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پائے : شیخ زاہد فیاض

مسائل حل ہونے کی بجائے ان کی شدت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے
کم سن شازیہ اور معصوم جنید کے قتل جیسے واقعات عوامی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہیں
تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض کا سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

ملک کو اس وقت اندرونی اور بیرونی بہت سی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان میں سے بعض مسائل موجودہ حکومت کو ورثے میں ملے ہیں۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ورثے میں ملنے والے ان مسائل کو چیلنج سمجھتے ہوئے ہوشمندی اور نتیجہ خیز حل کی بجائے ان کی شدت میں نہ صرف خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے بلکہ حال یہ ہے کہ ساری قوم ان مسائل کی لپیٹ میں آچکی ہے۔ ہوشرباء مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ، بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ، چینی کا بحران، گندم کی قیمت میں اضافہ، امن و امان کی صورت حال، کم سن شازیہ اور معصوم جمشیدکے قتل جیسے واقعات عوامی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، غربت و افلاس، بیروزگاری اور بالخصوص دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات، اغوا برائے تاوان اور خواتین و بچوں کی بے حرمتی کے واقعات میں اضافہ یہ وہ مسائل ہیں جنہوں نے عوام میں جان و مال کے عدم تحفظ میں خوفناک حد تک اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ان مسائل کا فوری اور مثبت حل تلاش کر کے اپنے الیکشن منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ملک میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ ہو، چینی کا بحران ہو یا بجلی اور گیس کی قیمتوں کا تعین ان تمام مسائل کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لا کر اپوزیشن ارکان کا موقف سن کر انہیں اور دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر پھر ان مسائل اور مشکلات سے نکلنے کے لیے کوئی نتیجہ خیز لائحہ عمل وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی وسیع تر مشاورت کے عمل سے معصوم عوام کو بھی یہ جاننے میں آسانی ہو گی کہ ان کے مسائل اور مشکلات کے ازالہ کے لیے حکومت اور اپوزیشن دونوں کس حد تک سنجیدہ ہیں اور اپنے انتخابی وعدوں اور یقین دہانیوں کو پورا کرنے کا انہیں کس حد تک احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافہ واپس لے اور لوڈ شیڈنگ پر قابو پائے، لوڈ شیڈنگ کے باوجود غریب شہریوں کو ہزاروں کے بل قوم کو مایوس کرنے کی سازش ہے۔ لوڈ شیڈنگ نے ملک کو جنگل اور صحرا میں تبدیل کر دیا ہے۔ مہنگائی، قیمتوں میں اضافہ اور لوڈ شیڈنگ کے دور میں کوئی عوام کا پرسان حال نہیں ہے۔ CWC کے اجلاس میں بریگیڈیئر (ر)اقبال احمد خان، رانا فاروق، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، افتخار بخاری، میاں عبدالقادر، قاضی فیض الاسلام و دیگر نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top