منہاج القرآن انٹرنیشنل بریڈ فورڈ میں ’’برٹش کونسل فار اسلامک گائیڈنس‘‘ کا قیام

منہاج القرآن ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سینٹر بریڈ فورڈ میں منہاج سکالرز فورم کا اہم اجلاس 24 جنوری 2010 کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں برطانیہ بھر سے منہاج سکالرز فورم کے ممبران نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ علامہ حافظ شمس الرحمان نے تلاوت قرآن پاک سے کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا، جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ درود وسلام پیش کیا گیا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹرمحمد طاہر القادری نے کینیڈا سے ٹیلی فونک خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکے اور یورپ میں منہاج القرآن اسلام کے عالمی پیغام امن و علم کو عام کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین، وابستگان اور جملہ مسلم کمیونٹی کی موجودہ دور کی ضروریات اور تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت اور دینی و فکری راہنمائی کی اشد ضرورت ہے۔ اس کے لئے منہاج سکالرز فورم کو زیادہ سے زیادہ متحرک، فعال اور مؤثر بنایا جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا برطانوی معاشرے میں ایک اہم اور کلیدی کردار ہونا چاہئے۔

اس موقع پر برطانیہ و یورپ کی مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور بہتر راہنمائی کے لئے شیخ الاسلام نے برٹش کونسل فار اسلامک گائیڈنس (British Coucil for Islamic Guidance) کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ BCIG کو ملکی قوانین کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ باقاعدہ رجسٹر کروایا جائے گا اور یہ کونسل روزمرہ زندگی میں نکاح، طلاق، خلع سمیت دیگر عائلی مسائل میں راہنمائی، انفرادی، اجتماعی، خاندانی جھگڑوں اور تنازعات میں مصالحتی کردار، معاشرے میں امن و سکون اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات جبکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف لائحہ عمل تشکیل دے گی۔

اس موقع پر برٹش کونسل فار اسلامک گائیڈنس کی افتتاحی تنظیم سازی بھی کی گئی۔ شیخ الاسلام نے باہمی مشاورت کے بعد علامہ محمد افضل سعیدی کیG BCI کا پہلا صدر، علامہ محمد رمضان قادری اور علامہ محمد اشفاق عالم قادری کی نائب صدور اور علامہ رفیق حبیب کو بطور جنرل سیکرٹری نامزد کیا۔

اس اجلاس میں منہاج سکالرز فورم کے اراکین علامہ محمد رمضان قادری، علامہ محمد افضل سعیدی، علامہ سہیل احمد صدیقی، علامہ محمد شاہد بابر قادری، علامہ جنید عالم قادری، علامہ قیصر چشتی، علامہ عبدالصبور قادری، علامہ محمد شفیق بٹ، علامہ شمس الرحمن آسی، علامہ حافظ عبدالسعید، علامہ محمد اشفاق عالم قادری، علامہ مسعود الرحمان مجددی، علامہ سعید الرشید، علامہ سید علی عباس بخاری نے شرکت کی۔ دوسری جانب لندن سے علامہ محمد صادق قریشی، علامہ نعیم طارق قادری، علامہ احمد شیر برکاتی، علامہ عبدالباسط سیٹھی، قاری جمیل، حافظ ذیشان اور علامہ ثناء اللہ سیٹھی نے بذریہ ٹیلی فون بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

منہاج سکالرز فورم کے جملہ ارکان نے برٹش کونسل فار اسلامک گائیڈنس کو برطانیہ کی ایک مؤثر ترین فعال تنظیم بنانے اور اس پلیٹ فارم سے برطانوی مسلمانوں کی بہتر سے بہتر تعلیم و تربیت اور دینی و فکری راہنمائی کا فریضہ انجام دینے کے لئے اپنا مثبت اور کلیدی کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔

رپورٹ: محمد رفیق حبیب الحاتمی

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top