تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کے مشعل بردار جلوس کی تمام تیاریاں مکمل

میں ممتاز دینی، سماجی، سیاسی شخصیات اور مزدور، تاجر، طلباء تنظیمیں شرکت کریں گی۔
تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر کی جلوس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام استقبال ربیع الاول کے مشعل بردار جلوس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ جلوس میں ہزاروں عاشقان رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ماہ ربیع الاول کی آمد کا والہانہ استقبال کریں گے۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی صوبائی اور ضلعی قائدین کے علاوہ ممتاز دینی، سماجی، سیاسی شخصیات اور مزدور، تاجر، طلباء تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔ جلوس کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کریں گے۔ ان خیالات کے اظہار تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے مشعل بردار جلوس کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلا س میں گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جلوس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالہ سے درجنوں کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر یوتھ لیگ لاہور کے 250 نوجوان سیکورٹی کی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ جبکہ لاہورانتظامیہ کی طرف سے بھی ہمیشہ کی طرح سیکورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ ارشاد طاہر نے بتایا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہا ج القرآن گزشتہ تین دہائیوں سے عشق مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو عام کرنے کیلئے محنت کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ مشعل بردار جلوس میں نامور مشائخ عظام، جید علمائے کرام، معروف نعت خوان آقائے دوجہا ں (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ مشعل بردار جلوس 15 فروری بروز پیر شام 6 بجے لکشمی چوک سے داتا صاحب تک نکالا جائے گا۔ جلوس نسبت روڈ، لوہاری، اردو بازار، بھاٹی چوک سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچے گا جہاں ملکی سلامتی، استحکام اور قیام امن کیلئے خصوصی دعا ہو گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top