سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں عشاقان رسول (ص) شرکت کریں گے، تمام تیاریاں مکمل : شیخ زاہد فیاض

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب ہو گا، جبکہ پوری دنیا سے مشائخ اور سکالرز شرکت کریں گے
کانفرنس میں پاکستان بھر سے سینکڑوں بسوں کے قافلے 26 فروری کی صبح ہی مینار پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گے
سربراہ عالمی میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض کی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات
کے حوالے سے مینار پاکستان کے سبزہ زار میں پریس کانفرنس

سربراہ عالمی میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ 26 فروری 2010ء 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار میں 26 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں عشاقان رسول شرکت کر کے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے اور یہ اجتماع عالم اسلام کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ اس طرح یہ میلاد کانفرنس عالم اسلام کا نمائندہ اجتماع ہوگا جس میں پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی تمام تیاریا ں مکمل کر لی گئیں ہیں جس کے لیے 50 سے زائد انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔ کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے جبکہ صدر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن حسن محی الدین القادری اور حسین محی الدین القادری خصوصی شرکت کریں گے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان میں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جواد حامد، ساجد بھٹی، عاقل ملک، شہزاد رسول، عبدالحفیظ چوہدری، محمد لطیف مدنی اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہا ج القرآن عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کیلئے گزشتہ 30 سالوں سے محنت کر رہی ہے۔ مینار پاکستان کا گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منا کر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں اور پورا سال ان کا دل محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے دھڑکتا رہتا ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 5000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ جب کہ انتظامیہ کی طرف سے بھی ہمیشہ کی طرح سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مصر، دیگر عرب ممالک اور وطن عزیز کے نامور قراء اور نعت خواں آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ جسمیں پاکستان سے قاری سید صداقت علی، مصر سے الشیخ السید متولی عبد العال، الشیخ حسن محمد حسن عبدالمنعم، الشیخ رضوان محمد رضوان اور الشیخ محمد ابراہیم النجاتی بھی شامل ہیں۔ جبکہ جید علماء و مشائخ عظام، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین، سماجی رہنما، تاجر برادری وکلا برادری، طلبہ تنظیموں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے۔ کانفرنس میں پاکستان بھر سے سینکڑوں بسوں کے قافلے 26 فروری کی صبح ہی مینار پاکستان پہنچنا شروع ہو جائیں گے، پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید ڈجیٹل سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ نجی ٹی وی چینلز عالمی میلاد کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست پوری دنیا میں نشر کریں گے جبکہ منہاج القرآن کی ویب سائٹس پر کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ اس طرح بالواسطہ طور پر کانفرنس میں کروڑوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شامل ہو کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پیش کیا جائے گا اور ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ساؤنڈ سسٹم مینار پاکستان کے ساتھ ملحقہ سڑکوں تک پہنچا دیا جائے گا تاکہ پنڈال کے باہر ہزاروں افراد تک آواز باآسانی پہنچتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف لاہور سے دو لاکھ سے زائد افراد شر کت کریں گے۔ جبکہ پاکستان اور دنیا بھر سے شرکاء کی کل تعداد لاکھوں سے زائد ہو گی۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ لوگوں کو اس موقع پر اپنے گھروں پر چراغاں کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے پاکستان بھر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور مرد حضرات کیلئے الگ الگ پنڈال بنائے جائیں گے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ میلاد کی رات ہر سال کی طرح امسال بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ایک ہزار سے زائد بکرے ذبح کیے جائیں گے اور 7 بجے سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافراہتمام ہوگا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top