برصغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور کے بیپٹسٹ چرچ میں محفل میلاد مصطفی (ص) کا انعقاد

مورخہ: 02 مارچ 2010ء

مسیحی برادری نے چرچ میں میلاد النبی (ص) کا پروگرام کرکے حضرت محمد (ص) کے ساتھ اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا ہے
چرچ میں محفل میلاد مصطفی (ص) کا انعقاد تحریک منہاج القرآن کی بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کا منہ بولتا ثبوت ہے
چرچ میں ہونے والی محفل میلاد مصطفی (ص) میں مسلم، مسیحی، ہندو، سکھ برادری، منہاج القرآن کے مرکزی قائدین
و دیگر ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

امت مسلمہ پوری دنیا میں نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد اپنی ہر خوشی سے بڑھ کر مناتی ہے اور ماہ ربیع الاول مسلم امہ کیلئے خوشی اور مسرت کا بے پایاں احساس لے کر آتا ہے۔ اسی طرح پوری دنیا میں مسیحی برادری کرسمس کی تقریبات جس جذبے سے مناتی ہے وہ بھی حضرت عیسیٰ علیہ السلام سے ان کی دلی محبت کا عکاس ہے۔ ربیع الاول شریف کی بابرکت ساعتوں کے دوران برصغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور کے بیپٹسٹ (Baptist) چرچ (شاہدرہ) میں مدرٹریسا ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کے چیئرمین ریورنڈ چمن سردار، مسیحی برادری اور تحریک منہاج القرآن کی نظامت بین المذاہب تعلقات کے زیر اہتمام آقائے دوجہاں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد مبارک کی پروقار محفل منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت ریورنڈ چمن سردار نے کی جبکہ مہمان خصوصی صاحبزادہ حسین محی الدین قادری صدر مجلس شوریٰ تحریک منہاج القرآن تھے۔ چرچ میں ہونے والی محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں مسلم، مسیحی برادری، ہندو، سکھ راہنماؤں، منہاج القرآن کے مرکزی قائدین اور ملک کی دیگر ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، پاسٹر نور مسیح نے انجیل مقدس کی تلاوت کی جبکہ بیپٹسٹ چرچ کی کوائر نے امن کا گیت پیش کیا۔ صاحبزادہ افتخار الحسن چشتی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ قاری امجد علی بلالی برادران اور شہزاد عاشق برادران نے دف کے ساتھ گلہائے عقیدت بحضور سرور کونین پیش کیے۔ تقریب کے میزبان ریورنڈ چمن سردار نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج چرچ میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرام کا آغاز ایک تاریخی واقعہ ہے اور ان شاء اللہ ہم اس مشن کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے تاکہ بین المذاہب راواداری، محبت و اخوت کی فضا کے ساتھ ساتھ امن بھی قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ 12 برس قبل ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بین المذاہب رواداری کی مہم شروع کی تھی، جو اب تناور درخت بنتی جا رہی ہے۔ آج چرچ میں محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد تحریک منہاج القرآن کی بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اپنی گفتگو کے بعد ریورنڈ چمن سردار نے سٹیج پر تمام معزز مہمانوں کو پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔ اس موقع پر اتحاد ویگانگت، بین المذاہب رواداری کی عملی مثال قائم کرنے کے لیے مہمان خصوصی صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے اپنے ہاتھ سے امن کی شمع روشن کی۔ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے کہا کہ چرچ میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہونے والی تاریخی اور پر وقار تقریب پاکستان اور پوری دنیا میں بین المذاہب رواداری، محبت امن اور سلامتی کے رویوں کو پھیلانے میں نہایت اہم کردار ادا کریگی۔ انہوں نے چرچ میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام منعقد کرنے پر میزبان محفل ریورنڈ چمن سردار کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 12 سال قبل مسلم کرسچن ڈائیلاگ فورم قائم کیا تھا۔ یہ اس سنت کا پس منظر تھا، جب 12 سو سال پہلے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مسیحی رہنماوں کو مسجد نبوی میں ان کے عقیدے کے مطابق عبادت کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن 12 سال سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا میلاد (کرسمس ڈے) منا رہی ہے اور آج آپ نے چرچ میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام کر کے نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ آنے والا مؤرخ جب یہ تحریر کرے گا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے زمانے میں مسلمان حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا میلاد مناتے تھے اور عیسائی بھی میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مناتے تھے۔ تو یہ عمل اسلامی تاریخ کا ایک سنہری باب ہوگا۔ ہندو راہنماء ڈاکٹر منور چاند نے کہا کہ ہم مسلمان بھائیوں کو عید میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ سکھ راہنماسردار بشن سنگھ نے کہا کہ ہم بھی آئندہ سال گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت عقیدت سے منائیں گے۔ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سینیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، محمد ارشاد طاہر اور ایم این اے ملک ریاض نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں نظامت بین المذاہب تعلقات تحریک منہاج القرآن کے کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے چرچ انتظامیہ اور آنے والے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top