تحریک منہاج القرآن ہارون آباد کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفی (ص)

تحریک منہاج القرآن ہارون آباد کے زیراہتمام 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب 15 فروری 2011ء کو ہارون آباد کی عظیم درسگاہ مدرسہ جامعہ رضویہ میں محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کی صدارت سید احمد کمال شاہ نے کی۔ علامہ محمد اقبال فانی فاضل منہاج یونیورسٹی لاہور اور قاری محمد آصف قادری صدر علماء کونسل ہارون آباد نے پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے علاوہ باؤ عبدالمجید مغل سرپرست تحریک منہاج القرآن ہارون آباد، اللہ رکھا سیاف ایڈووکیٹ ضلعی کوآرڈینیٹر تحریک منہاج القرآن، ظفر اقبال کاہلوں صدر، حاجی عبدالغفور نائب صدر، محمد عمران ناظم نے پروگرام میں شرکت کی۔ میلاد پروگرام میں ہارون آباد سے مردوں کے علاوہ خواتین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، خواتین کے لیے پروگرام میں باپردہ انتظام کیا گیا تھا۔

محفل میلاد کا آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری غلام رسول نے حاصل کی۔ بعد ازاں نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ شب 12 بجے تک جاری رہا۔ اس میں قاری دین محمد، اقبال برادران، اشفاق زیدی، سید صفوان شاہ اور دیگر نعت خواں حضرات نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ پروگرام میں نقابت کے فرائض واجد نعیم مغل متعلم منہاج یونیورسٹی لاہور نے سرانجام دیئے۔

پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد اقبال فانی نے کہا کہ ذکر مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ازل تا ابد جاری و ساری ہے۔ اﷲ رب العزت نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چرچا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو وجود میں لانے سے بھی بہت پہلے کر دیا تھا۔ عرش بریں پر اپنے نام کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام رقم کیا۔ جنت کے پتے پتے پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اسم گرامی جلوہ گر رہا۔ فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام جپتے ہیں۔ آج اگر امت مسلمہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے واقعات کو تصور و تخیل میں لا کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں محافل کا انعقاد کرتی ہے تو یہ اسی نوری سلسلہ کی ایک کڑی ہے جو ازل تا ابد جاری رہے گا۔ یہ اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتوں کا محبوب و پسندیدہ عمل ہے۔

پروگرام میں قاری محمد آصف قادری صدر علماء کونسل ہارون آباد نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہر صدی کے آخر پر ایک مجدد پیدا کرتا ہے اور اس صدی کے مجدد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے چند سال قبل دیکھا جائے تو پاکستان میں میلاد منانا بدعت تصور کیا جاتا تھا جبکہ آج تحریک منہاج القرآن نے میلاد کے صحیح تصور کو پیش کر کے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی ویڈیو خطاب بذریعہ پروجیکٹر شرکاء کو دکھایا گیا۔

پروگرام کے کامیاب انعقاد میں چوہدری منیر، چوہدری خالد جاوید، حکیم مقبول، قاری ظفر اقبال، مبشر شاہ، عبدالستار، مدثر حسین مصفطوی، عدنان قیوم، محمد رمضان بٹ، اقبال قادری، چوہدری مبشر، حفیظ قادری، محمد کاشف اور دیگر تحریکی ساتھیوں نے خصوصی تعاون کیا۔ محفل میں عوام الناس کے لیے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

رپورٹ : واحد نعیم مغل

تبصرہ

Top