ہارون آباد: قائد ڈے 2018ء کی تقریب

تحریک منہاج القرآن ہارون آباد اور پاکستان عوامی تحریک ہارون آباد کے زیراہتمام 19 فروری 2018ء کو قائد ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ پروگرام میں نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن لاہور علامہ محمد لطیف مدنی نے خصوصی شرکت کی اور سالگرہ کا کیک کاٹا۔ سید عنایت شاہ قادری، حافظ محمد طاہر سعیدی اور سمیر احمد گل بھی پروگرام میں شریک ہوئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا جس کے بعد محمد اشفاق زیدی اور آصف حیدری نے نعت خوانی کی۔ قاری الطاف حامد نے اپنی خوبصورت آواز میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شان میں لکھی گئی منقبت پڑھی۔

پروگرام میں علامہ محمد لطیف مدنی نے ’’مجدد رواں صدی طاہرالقادری ‘‘ کے موضوع پر مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن حدیث کی روشنی میں مجدد کون ہوتا ہے کو وضاحت کے ساتھ بیان کیا۔ انہوں نے چودہ صدیوں میں آنے والے مجددین کے بارے میں بھی لوگوں کو بتایا۔ آخر پر انہوں نے مجدد رواں صدی کے کام کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ایک ہزار سے زائد تصانیف ہیں، جن میں سے 530 سے زائد کتب منظر عام پر آچکی ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شعبہ ہائے زندگی کے مختلف موضوعات پر لکھا جن میں قرآن، حدیث، فقہ، اصول فقہ، بلاسود بنکاری نظام کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف مبسوط تاریخی فتویٰ جو کہ دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبول ہے، کئی زبانوں میں فتویٰ کی ٹرانسلیشن بھی ہو چکی ہے۔

علامہ محمد لطیف مدنی نے شیخ الاسلام کے تعلیمی اور تنظیمی نیٹ ورک کے بارے میں بتایا کہ پاکستان میں یونیورسٹی، کالجز اور سکولوں کے علاوہ پاکستان سے باہر بھی منہاج کے نام سے سکول اور کالجز کا قیام ہے جس میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث کی تعلیم کو اولیت حاصل ہے۔ انہوں نے گوشہ درود کے حوالے سے بتایا کہ مرکز منہاج القرآن لاہور میں ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گوشہ درود کا قیام کیا ہے جس میں چوبیس گھنٹے درود پاک پڑھا جاتا اور تلاوت قرآن بھی کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ یتیم بچوں کے لیے بنائے گئے آغوش کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں 500 یتیم بچوں کو فری تعلیم و تربیت اور ضروریاتِ زندگی کی ہر چیز میسر ہے۔ آخر میں علامہ محمد لطیف مدنی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے بتایا، جس میں انہوں نے حضور نبی اکرم کے خاتم النبین ہونے پر قرآن و حدیث سے مدلل دلائل پیش کیے ہیں۔ پروگرام میں تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اور محبین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا اختتام سید عنایت شاہ کی دعا پر ہوا۔

رپورٹ: واحد نعیم مغل (ناظم نشرو اشاعت تحریک منہاج القرآن ہارون آباد)

تبصرہ

Top